سبزیاں اور پھل صحت کے لئے انتہائی مفید غذا ہیں ۔ اور بہ نسبت پکا کر سبزیوں کو بطور غذا ، استعمال کرنے سے کہیں زیادہ کچی سبزیوں کی افادیت ہے ۔ کیوں کہ سبزیوں کو پکانے سے، آگ کی تپش یا گرمائش سے ان کے کچھ غذائی اجذاء کم بھی ہوجاتے ہیں یا بھاپ کے ذریعے اڑ بھی جاتے ہیں۔ اور تازہ اور کچی سبزیاں اپنی بھرپور غذائی اجذاء کے ساتھ جب غذا کا حصہ بنتی ہیں تو انسانی جسم کے لئے انتہائی صحت بخش ثابت ہوتی ہیں ۔ لیکن ہمارے کہنے کا یہ مقصد ہر گز نہیں کہ ہر سبزی کچی ہی کھائی جائے کیوں کہ کچھ سبزیا ں ہیں جو کبھی بھی کچی نہیں کھائی جاسکتیں ہیں ۔ ان کو پکا کر کھانا ہی صحت بخش ہوتا ہے جیسے اروی ، آلو ، پالک ، سرسوں کا یا مختلف اقسام کے ساگ ، تورئی ، بھنڈی ،لوکی ، کاسی پھل وغیرہ وغیرہ ان سبزیوں کو کچا نہیں کھایا جاسکتا کیوں کہ یہ زود ہضم نہیں ہونگی ، اور دوسری بات یہ کہ کچی حالت میں یعنی بغیر آگ پر پکے ہوئے ا ان کے غذائی اجذاء صحت کے لئے مضر ثابت ہونگے اور ان کے کچا کھانے سے نہ ہی خاطر خواہ صحت بخش فوائد حاصل ہونگے ۔
لیکن کافی سبزیاں ایسی بھی ہیں جنھیں پکا کر اور کچا دونوں طریقے سے غذا کا حصہ بنایا جاتا ہے۔ جیسے مولی ، گاجر ، شلغم ، چقندر ، پھول گوبھی ، بند گوبھی ، ٹماٹر ، سیب ، انگور ، کیلا وغیرہ اور سلاد میں استعمال ہونے والی کچھ سبزیاں اور پھل ایسے بھی ہیں کہ ان کو صرف کچا ہی کھایا جاتا ہے ۔ صحت بخش سلاد یعنی ایک ہی وقت میں کئی قسم کے پھل اور سبزیاں غذا میں شامل ہوتی ہیں ۔ زیادہ تر سلاد کے اہم اجزا میں سبزیاں، پھل، پھلیاں، اناج، گری دار میوے اور بیج شامل ہوتے ہیں۔
سلاد کے صحت بخش فوائد
صحت بخش سلاد کو اپنی روزمرہ غذا میں شامل کرنا مختلف قسم کے فوائد فراہم کرتا ہے۔ یعنی سلاد کا استعمال صحت بخش بھی اور علاج بھی ہے ۔ یہ نہ صرف صحت بخش غذائی اجزاء سے بھر پور ہوتی ہے بلکہ اس کا شمار متوازن غذا میں ہوتا ہے ۔ یہ نہ صرف جسم کو وٹامنز اور منرلز فراہم کرتی ہے بلکہ کئی بیماریوں کی روک تھام اور ان کا علاج بھی ہے ۔ مثلاً وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے ۔ جسم کو صحت مند اور تندرست و توانا رکھتی ہے ، کینسر سے محفوظ رکھتی ہے ، بڑھاپے کی علامات کو کم کرتی ہے ، جلد کو جواں رکھتی ہے ۔ نظام ہاضمہ کو درست رکھتی ہے، مدافعاتی نظام کو مضبوط بناتی ہے ، بینائی کو تیز کرتی ہے ، وغیرہ وغیرہ سلاد میں شامل سبزیاں اور پھل فائبر ، اینٹی آکسیڈینٹس اجذاء سے بھرپور ہوتے ہیں، یہ کینسر پیدا کرنے والے فری ریڈیکلز کے خلاف بھی کام کرتےہیں ۔
ہم سب جانتے ہیں کہ سلاد ایک سپر غذا ہے ۔ سلاد میں کئی قسم کی سبزیاں اور پھل شامل ہوتےہیں جو کہ عام طور پر ہر کھانے میں شامل نہیں ہوتے ہیں ۔ پھلوں اور سبزیوں میں پائے جانے والے مختلف اہم غذائی اجزاء کو جسم زیادہ مؤثر طریقے سے جذب کر سکتا ہے۔گہرے پتوں والی سبزیاں ترو تازہ اور چمکدار رنگ کی سبزیاں یقینی طور پر وٹامنز اور معدنیات فراہم کرتی ہیں ۔ جو جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کے لئے بھی مفید ہیں ۔
فائبر
سلاد میں شامل سبزیاں اور پھل فائبر سے بھر پور ہوتے ہیں ۔ فائبر جو پیٹ کو بھرا ہوا رکھنے کے ساتھ ساتھ صحت بخش فوائد بھی فراہم کرتا ہے ۔ اس کے علاوہ کئی امراض سے بچاؤ کا ذریعہ بھی ہوتا ہے ۔ جیسے قبض کی تکلیف کو دور کرتا ہے اور قبض کا علاج بھی ہے اور اس بیماری سے بچا ؤ بھی ہے ۔ جسمانی وزن کو بھی کنٹرول میں رکھتا ہے اور وزن میں اضافہ نہیں ہونے دیتا ہے ۔ جس کی وجہ سے دوسری بیماریوں مثلاً ذیابطیس اور امراض قلب کے خطرےکو کم کرتاہے ۔ فائبر کو ذیابیطس اور دل کی بیماری کے لیے سود مند بتایا گیا ہے اور یہ جسمانی افعال جیسے آنتوں کی باقاعدگی کے افعال کے لئے بھی بہترین ہے ۔ جسم سے خراب کولیسٹرول اور بلڈ شگر کی سطح کو بھی کم کرتا ہے ۔
غذائیت سے بھرپور لیکن کیلوریز میں کم
سلاد میں چونکہ فائبر بھرپور طریقے سے موجود ہوتا ہے اس لیئے یہ پیٹ کو بھرا ہوا رکھتا ہے ۔یعنی بھوک مٹاتا ہے جس سے مذید کچھ کھانے کی خواہش نہیں رہتی ۔ اور اس وجہ سے زیادہ کیلوریز والی غذاؤں سے اجتناب برتتے ہیں ۔ سلاد چونکہ بھرپور غذائیت یعنی زیادہ غذائیت لیکن محدود کیلوریز فراہم کرتی ہے جس سے جسم کو مناسب کیلوریز حاصل ہوتی ہیں اور اس وجہ سے وزن میں اضافہ نہیں ہوتا ہے ۔
صحت بخش چکنائی
سلاد میں شامل سبزیوں ، پھلوں اور خشک میوہ جات سے جو چکنائی جسم کو حاصل ہوتی ہے وہ صحت بخش ہوتی ہے ۔ اصل میں صحت بخش چکنائی کی بھی انسانی جسم کو ضرورت ہوتی ہے کیوں کہ جسمانی نظام میں کچھ غذائی اجذاء جیسے وٹامن اے ، وٹامن ڈی ، وٹامن ای اور کے وغیرہ اجذاء چکنائی کے ساتھ ہی جسم میں جذب ہوتے ہیں ۔ صحت بخش چکنائی فائٹو کیمیکلز کو جذب کرنا بھی آسان بناتی ہے ۔
سلاد ہا ئیڈریٹ بھی رکھتی ہے
جسم کی مناسب ہائیڈریشن کو برقرار رکھنا مجموعی صحت کے لیے بہت اہم ہے ۔ جس طرح پانی پینا جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسی طرح پانی کا متبادل پانی سے بھرپور غذائیں جیسے سبزیاں اور پھل بھی ہیں ۔
سبزییاں اور پھلوں کی سلا دجسم کو ہائیڈریٹ رکھتی ہے کیوں کہ سبزیوں اور پھلوں میں پانی وافر مقدار میں موجود ہوتاہے ۔ یہ بھوک اور پیاس دونوں ہی مٹاتی ہیں۔ اگر کافی دیر پانی پینے کا موقع نہ بھی ملے تو سلاد جسم میں پانی کی کمی کو بھی دور کرتی ہے ، اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھتی ہے ۔ اس کے علاوہ جو وٹامنز چکنائی کے ساتھ جسم میں حل نہیں ہوتے یا جذب نہیں ہوتے وہ پانی کے ساتھ جسم میں جذب ہو جاتے ہیں ۔ اس لئے بھی سلاد کے ذریعے حاصل ہونے والا پانی وٹامنز کو جسم میں جذب کرنے کے قابل بناتا ہے ۔ سلاد انسان کو تروتازگی کا احساس دلاتی ہے اور جسم کے ٹیمپریچر کو معمول کے مطابق رکھتی ہے ۔
طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ سے بھرپور
سلاد میں چونکہ مختلف سبزیاں اور پھل شامل ہوتے ہیں اس لئے یہ متعدد اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتی ہے ۔ سلاد کے اجذاء فری ریڈیکلز کے خلاف کام کرتے ہیں۔ فری ریڈیکلز غیر مستحکم مالیکیولز ہوتے ہیں جو جسم کو نقصان پہنچاتے ہیں ۔ انسانی جسم میں آزاد یعنی فری ریڈیکلز بھی بہت زیادہ ہوتے ہیں جو بہت سی بیماریوں کا سبب بن جاتے ہیں ۔ سلاد میں ضروری معدنیات بھی ہوتے ہیں، جیسے پوٹاشیم، آئرن، میگنیشیم اور بہت سے اہم غذائی اجذاء بھی ، جو صحت و تندرستی اور بیماریوں کی روک تھام اور علاج کے لئے بہت ضروری ہوتے ہیں ۔
سلاد میں شامل غذائیت سوزش سے لڑ سکتی ہے اور دل کی بیماری اور بعض کینسر کے خطرے کو کم کر سکتی ہے ۔ مدافعاتی نظام کو مضبوط بناتی اور بینائی کےلئے بھی مفید ہوتی ہے ۔ یہ جسم کو تازگی بخشتی ہے اور موسم گرما میں طبیعت کے بھاری پن اور گرمی کو بھی دور کرتی ہے۔
بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشر اب ایک عام بیماری ہے۔ لیکن اس کا نقصان بہت زیادہ ہے کیوں کہ اس کی وجہ سے امراض قلب اور یا فالج کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ لیکن سلاد میں شامل صحت بخش غذائی اجذاء خون کی نالیوں کو پھیلانے میں مدد کرکے بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد دے سکتے ہیں ۔