وٹامنز بھی صحت کے لئے ایک لازمی جذ ہیں ۔ وٹامنز کئی قسم کے ہوتے ہیں ، جیسے وٹامن اے ، وٹامن بی ، وٹامن سی ، وٹامن ڈی، وٹامن ای اور وٹامن کے وغیرہ ۔ انسانی جسم کو صحت مند رہنے اور جسمانی نظام کے افعال کو برقرار رکھنے کے لئے ہر وٹامن کی مناسب اور مختلف مقدار میں ضرورت ہوتی ہے۔ کیوں کہ یہ تمام وٹامنز ضروری ہیں اور انسانی جسم میں مختلف کام انجام دیتے ہیں۔ اسی لئے کسی بھی قسم کے وٹامن کی کمی صحت کے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے ۔
ہم یہاں وٹامن بی 12 کے بارے میں بات کریں گے کہ وٹامن بی 12صحت کے لئے کیوں ضروری ہے؟ اور اس کے مفید اثرات کیا ہیں ؟ اور اگر جسم میں وٹامن بی 12 کی کمی ہو جائے تو اس کے کیا مضر اثرات انسان کی صحت پر پڑتے ہیں۔
1: وٹامنز
وٹامنز نامیاتی مادے ہوتے ہیں جو قدرتی غذاؤں میں ایک خاص مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔
وٹامن B12
وٹامن B12، جسمانی صحت و تندرستی کے لئے اہم اورایک ضروری وٹامن ہے۔ جسے cobalamin بھی کہا جاتا ہے۔ یہ گوشت ، مچھلی ، دہی ، دودھ ، اور مختلف اقسام کے اناج میں پایا جاتا ہے۔ وٹامن بی انسانی جسم کے لئے ایک ضروری وٹامن ہے ۔ انسانی جسم یہ وٹامن جسم میں خود نہیں بنا سکتا اس لئے اسے مختلف غذاؤں سے اور سپلیمینٹس سے جسم کا حصہ بنایا جاتا ہے جیسے گوشت ، اناج ، مچھلی وغیرہ
یہ انسانی صحت کے لئے بہت اہم وٹامن ہے اس کے چند فوائد مندرجہ ذیل ہیں
2: ڈپریشن کی روک تھام اور علاج
وٹامن بی 12 ڈیپریشن سے محفوظ رکھتا ہے اور ڈیپریشن اور ڈس آرڈر جیسے عوارض میں مفید ہے ۔ یہ اعصابی خلیات کو کنٹرول کرتا ہےاور یادداشت کو بہتر بناتا ہے۔ علمی اور ذہنی افعال کو بہتر بنانے کے لیے بھی مؤثر ہے۔ لیکن اگر جسم میں وٹامن B12 کی کمی واقع ہو جائے تو انسان ڈیپریشن کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس کی کمی سے اعصابی نظام کے مسائل جیسے کہ اعصابی کمزوری، تحمل و برداشت کی کمی ، یاداشت کی کمزوری اور اعصابی اضطراب جیسے عوارض وغیرہ پیدا ہو سکتے ہیں۔ وٹامن بی 12 مزاج یعنی موڈ کو بہتر بنا سکتا ہے اور اس کی کمی افسردگی اور چڑچڑے پن کا سبب بنتی ہے۔ عمومی طور پر اس کی کمی یادداشت کی کارکردگی پر بھی برا اثر ڈالتی ہے ۔ یہ نیوران کے نقصان اور ابتدائی مرحلے کے ڈیمنشیا کی روک تھام میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔ یہ دماغ کے لئے بھی مفید ہے اس لئے کہ یہ دماغ اور اعصابی خلیوں کے افعال اور نشوونما میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
ایک میڈیکل تحقیق کے مطابق ابتدائی مرحلے کے ڈیمنشیا کے شکار افراد میں وٹامن بی 12 اور اومیگا تھری فیٹی ایسیڈ کے امتزاج کے استعمال سے افاقہ ہوا ہے۔
3: ہڈیوں کو مضبوط اور صحت مند رکھنے میں مفید
ہڈیوں کو صحت مند رکھنے کے لئے بھی وٹامن بی 12 ضروری ہے اور یہ ہڈیوں کی بیماری آسٹیوپوروسس کو بھی روک سکتا ہے۔ اس کی کمی سے ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں ۔ چھوٹی سی چوٹ سے بھی ہڈیوں کو نقصان پہنچ سکتاہے وہ ٹوٹ سکتی ہیں یا ان میں فریکچر ہو سکتا ہے۔
4 : خون کے سرخ خلیات کی تشکیل
جسم میں موجود خون کے سرخ خلیات کا ایک اہم کام جسم کے اہم اعضاء تک آکسیجن پہنچا نا بھی ہے ۔ خون کے سرخ خلیات کی کمی کے سبب جسمانی تھکاوٹ اور کمزوری بھی محسوس ہوتی ہے ۔وٹامن بی 12 کی کمی سے خون کے خلیات صحیح طریقے سے نشوونما نہیں پاتے اور ان کی تشکیل نہ ہونے کے سبب خون کے سرخ خلیات میں کمی واقع ہوتی ہے ۔ وٹامن بی 12 جسم میں سرخ خون کے خلیات کی تشکیل میں بہت مدد گار ہے اور جسم میں خون کی کمی کو دور کرتا ہے ۔ یعنی وٹامن B12 جسم میں خون کے سرخ خلیات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
5: ڈی این اے کی ترکیب کے لئے ضروری
ڈی این اے بنانے کے لیے وٹامن بی 12 کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے جسم میں وٹامن بی 12 کی مناسب مقدار کا ہونا بہت ضروری ہوتا ہے۔
6: توانائی میں اضافہ
وٹامن B12 یا اس کے سپلیمنٹس جسم میں توانائی کے اضافے کے لیے بہترین ذریعہ مانے جاتے ہیں ۔ کیوں کہ یہ جسم میں توانائی کی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس سے جسم میں توانائی کی سطح بہتر ہو سکتی ہے کیونکہ اس کی کمی جسم میں تھکاوٹ کے آثار پیدا کرتی ہے ۔ وٹامن بی 12جوڑوں اور عضلات کے لئے بھی ضروری ہے۔ یہ جسم میں موجودہ کاربوہائیڈریٹس کو گلوکوز میں تبدیل کرنے میں مدد کرتا ہے جو انرجی میں اضافے کے لئے ضروری ہے۔
7: وٹامن بی 12 ہومو سسٹین کی سطح کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
ہومو سسٹین خون میں پایا جانے والا ایک امینو ایسڈ ہے ۔ اگر جسم میں وٹامن بی 12 کی نمایاں کمی ہوجائے تو ہومو سسٹین کی سطح بلند ہو جاتی ہے اگر جسم میں ہومو سسٹین کی سطح بلند ہو جائے تو اس سے دل کے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لئے وٹامن بی 12 خون میں ہومو سسٹین کی سطح کو کم کر سکتا ہے۔
6: آنکھوں کی بیماری میکولر انحطاط کو روکنے میں مددگار
آنکھوں کی ایک بیماری میکولر انحطاط ہے جو آنکھ کی مرکزی بصارت کو متاثر کرتی ہے ۔ بڑی عمر کے افراد یا 40 سال سے زیادہ عمر کے افراد میں وٹامن بی کا استعمال میکولر انحطاط کی بیماری کو روکنے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔
9: صحت مند بال، جلد، اور ناخن
بال، جلد، اور ناخنوں کی صحت کو بہتر رکھتا ہے ۔ڈرمیٹولوجک علامات کو بہتر بناتا ہے۔ صحت مند جلد، بالوں، اور ناخنوں کی صحت کو فروغ دینے کے لیے جسم میں اس وٹامن کا مناسب سطح پر ہونا ضروری ہے۔