صحت کے بہترین اصولوں میں سے ایک اصول ہے پیدل چلنے میں ہے کئی امراض کا علاج ۔ یہ ایک طرح کی ہلکی پھلکی بہترین قسم کی آسان سی ورزش بھی ہے۔ پیدل چلنے کے بہت سے جسمانی فوائد بھی ہیں۔ اس سے جسم چاق وچوبند اور تندرست و توانا بھی رہتاہے۔اورپیدل چلنے سے انسانی جسم کئی بیماریوں سے محفوظ بھی رہتاہے ۔اور پیدل چلنا کئی امراض کا علاج بھی ہے۔ معالجین بہت سی بیماریوں کا علاج پیدل چلنا ہی تجویذ کرتے ہیں ۔ مثلاً دل کی بیماری ، ٹینشن یا ذہنی دباؤ وغیرہ پیدل چلنے کی عادت اپنانے والوں کو ذیابیطس ،فالج، اور دل کی بیماریاں پیدا ہونے کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے۔
1۔لمبی عمر کا راز پیدل چلنے میں ہے
ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ زیادہ پیدل چلتے ہیں وہ لمبی عمر پاتے ہیں ، بہ نسبت ان لوگوں کے جو پیدل کم چلتے ہیں ۔کیونکہ پیدل چلنے سے انسان صحت مند رہتاہے۔ اس کے جسمانی اعضاء فعال رہتے ہیں ۔ دماغی طور بھی وہ سکون محسوس کرتا ہے ۔ اور پیدل چلنے کے دوران مختلف چیزوں کا وہ مشاہدہ کرتا ہے ، اس لئے ذہنی تناؤ سے بھی محفوظ رہتاہے۔اس طرح وہ جسمانی اور ذہنی طور پر فعال رہتا ہے۔
2۔ ذہن پر خوشگوار اثر
پیدل چلنے کا ذہن پر خوشگوار اثر پڑتا ہے۔انسان فطرت سے قریب ہو جاتا ہے اور خوشی محسوس کرتا ہے۔ طبیعت کی بے چینی اورڈیپریشن ذہنی تناؤ دور ہوجاتاہے۔ موڈ بہتر ہو جاتا ہےڈیپریشن سے نجات ملتی ہے۔ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے پیدل چلنے سے ذہنی صحت پر بھی بہت اچھا اثر پڑتا ہے۔پیدل چلنا موڈ کو بھی خوشگوار کرتا ہےاور ذہنی تناؤ کو دور کرتا ہے۔
پیدل چلنا ورزش ہے اور ورزش سے اینڈورفن ہارمونز ہمارے موڈ کو بہتر کرتے ہیں اور خوشگوار بناتے ہیں اور جسمانی درد میں بھی کمی لاتے ہیں ۔ 20 سے 30 منٹ پیدل چلنا ٹینشن اور سٹریس سے نجات دلاتا ہے۔ ذہنی تناؤ کو دور کرنےکی لئے ماہرین صحت اپنے مریضوں کو آدھے گھنٹے چہل قدمی کی تجوہزضرور دیتے ہیں۔ تا کہ انسان ماحول کی تبدیلی سے تناؤ سے باہر نکل آئے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ جسمانی اعضاء اور دماغ کے فنکشنز بہتر طریقے سے فعال کردار ادا کرسکیں۔
3۔ دل کی صحت کے لئے پیدل چلنا مفید ہے
چہل قدمی انسان کو دل کی بیماریوں سے سے بچاتی ، دل کے دورہ سے محفوظ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ دوران خون کو درست اور رواں رکھنے، بلڈ پریشر کونارمل رکھنے اور کولیسٹرول کی سطح کو بڑھنے سے بھی روکتی ہے۔ پیدل چلنے سے خا ص طور پر صبح سویرے پیدل چلنے سے یعنی مارننگ واک سے انسان ترو تازہ رہتاہے ۔ بلڈپریشرنارمل رہتا ہے، امراض قلب میں کمی اور دوران خون میں بہتری آتی ہے۔ صبح کی سیر کرنے والوں کو دل کے دورے پڑنے کے امکانات بھی کم ہی پڑتے ہیں،او کولیسٹرول اور بلڈ شگر بھی معمول پر رہتی ہے۔
4۔ وزن میں کمی اور موٹا پے سے نجات
پیدل چلنا وزن میں کمی لاتا اور موٹاپے سے نجات دلاتا ہے۔ پیدل چلنے سے غذا سے حا صل ہونے والی جسمانی کیلوریز کافی مقدار میں استعمال ہوتی ہیں یعنی یہ کیلوریز جسم میں جمع ہو کر موٹاپے یا وزن بڑھنے کا سبب نہیں بنتی ہیں ۔ جسم کے عضلات ، پٹھے متحرک رہتے ہیں اور سستی یا بے حرکتی کا شکار نہیں ہوتے ۔ پیدل چلنے سے موڈ پر بھی خوشگوار اثر پڑتا ہے۔
5۔ توانائی کا احساس
صبح کی سیر یعنی مارننگ واک جسم میں توانائی اور تازگی پیدا کرتی ہے ۔ اور انسان پورا دن چاق و چوبند اور ترو تازہ رہتا ہے اور جلد جسمانی تھکن کا بھی شکار نہیں ہوتا ۔ اور موڈ بھی خوسشگوار رہتاہے ۔ چہل قدمی انسان کی مجموعی صحت پر بہت اچھا اثر ڈالتی ہے۔
6۔ پُر سکون نیند
پیدل چلنے سے جسمانی اعضاء سکون و اطمینان محسوس کرتے ہیں ۔ اور انسان پر سکون نیند سوتا ہے۔صبح پیدل چلنے کی عادت انسان کی دماغی قوت کی صلاحیت کو بھی بہتر کرتی ہے۔
7۔ جسمانی مضبوطی
صبح سویرے پیدل چلنے سے جسم مضبوط ہوتا ہے۔پٹھے اور پھیپھڑے مضبوط ہوتے ہیں ٹا نگیں مضبوط ہو تی ہیں ۔ توانائی کا درست استعمال ہوتا ہے۔ جس کے نتیجے میں جب انسان متوازن غذا استعمال کرتا ہے تو وہ جسم کو جلد توانائی پہنچاتی ہیں ۔ پندرہ سے بیس منٹ روزانہ لازمی پیدل چلنا چاہئے کیونکہ اس سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
8۔ پٹھوں اور جوڑوں کے درد سے بچاؤ
پٹھوں اور جوڑوں کے درد، اکڑاؤ اور بے حسی کی ایک وجہ زندگی کی سرگرمیوں میں کم حصہ لینا ہے یعنی غیر فعالیت ہے۔ بیٹھے رہنا اور کام کاج میں کم حصہ لینا ، اٹھنے بیٹھنے ، چلنے پھرنے میں تساہلی سے کام لینا ہے، زندگی کے روز مرہ کاموں میں چستی کے بجائے سست روی اختیار کرنا ہے۔ جسم کو جوڑوں کے درد اور پٹھوں کے اکڑاؤ سے محفو ظ رکھنے کے لئے روزمرہ کے کاموں اور سر گرمیوں میں چستی سے حصہ لینا بہت ضروری ہے ۔ ہاتھ پاؤں اگر چلتے پھرتے متحرک اور فعال رہیں گے تو جوڑوں اور پٹھوں میں اکڑاؤ ، درد اور سوجن پیدا نہیں ہوگی ، پیدل چلنے سے جوڑ اور پٹھے مضبوط رہتے ہیں، اس لئے پیدل چلنے والے افراد پٹھوں ، جوڑوں کے مرض میں بہت کم مبتلا ہوتے ہیں گٹھیا کے مرض میں بھی پیدل چلنے سےسوجن ، اکڑاؤ اور درد میں آرام ملتا ہے۔
9۔ذیابیطس سے بچاؤ
پیدل چلنے کی عادت سے ذیابطیس کی بیماری کے خطرے سے محفوظ رہا جا سکتا ہے بلڈ شوگر کنٹرول میں رہتی ہے ۔ جن افراد میں شوگر کی بیماری ابتدائی سطح پر ہو ان کے لئے ماہرین پید ل چلنا ہی تجویز کرتے ہیں کیونکہ اس سے شوگر معمول پرآجاتی ہے ۔
10۔ مضبوط دماغ
پیدل چلنے سے دماغ کو بھی قوت و توانائی حاصل ہوتی ہے اور دماغ کے فنکشنز فعال رہتے ہیں۔تحقیق کے مطابق کہ پیدل چلنے سے دماغ کو زیادہ خون فراہم ہوتا ہے۔اس سے دماغ بھی تندرست و توانا رہتا ہے اور دماغی صلاحیتو ں میں اضافہ ہوتا ہے ۔ یادداشت بہتر ہوتی ہے، فہم و فراست میں اضافہ ہوتاہے،اور قوت مشاہدہ بھی تیز ہوتی ہے۔
11۔ سماجی تعلقات میں اضافہ اور بہتری
پیدل چلنے کی عادت اپنانے سے ملنے جلنے والوں اور دوست احباب کا دائرہ وسیع ہوتاہے یعنی سماجی تعلقات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ اور لوگوں سے تعلقات بہتر ہوتے ہیں کیونکہ موڈ کے خوشگوار ہونے کا اثر تعلقات پر بھی پڑتاہے۔ نئے لوگوں سے جان پہچان بڑھتی ہے۔
12۔ہاضمہ درست رکھتی ہے
رات کا کھانا کھانے کے بعد چہل قدمی پیٹ کے بہت سے امراض سے محفوظ رکھتی ہے ۔ ہاضمہ درست رکھتی ہے کھانے کو ہضم کرتی ہے معدہ ، سینے میں جلن ، تیزابیت اور گیس کی شکایت پیدا نہیں ہوتی ۔ غرض پیدل چلنےکے بہت سے فوائد ہیں ۔ ان سب کا احاطہ کرنا یہاں مشکل ہے ۔ قدیم زمانے میں لوگ زیادہ یپدل چلا کرتے تھےاسی لئے وہ بہت کم بیمار پڑا کرتے تھے۔
مضمون نگار : فرح فاطمہ