جسمانی صحت و تندرستی میں دماغی صحت تندرستی بھی شامل ہے۔ اس کو بھی مضبوط، بہتر اور صحت مند رکھنے ذہن کو تیز کرنے والی چند دماغی ورزشیں کی ضرورت ہوتی ہے، اور اس پر توجہ دینا بھی بہت ضروری ہے۔ دماغ کو تیز کرنے ، توجہ ، ارتکاز اور یاداشت کو بہتر رکھنے اور روزمرہ کی زندگی میں یاداشت بحال رکھنے ، چست اور تیز دماغ سے کام لینے کے لئے دماغی یا ذہنی ورزشیں ضروری ہیں ۔ کیونکہ جس طرح جسم کو صحت مند رکھنے کے لئے جسمانی ورزش ضروری ہے اسی طرح دماغ کی صحت کے لئے بھی دماغی ورزش ضروری ہے۔
چند سادہ ذہنی یا دماغی مشقوں کے ذریعے دماغی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جاسکتاہے۔ ان کے ذریعے دماغ کو زیا دہ تیز، صحت مند اور فعال بنایا جاسکتاہے۔ بہت سے طریقوں سے دماغی صحت کو بہتر کیا جاسکتاہے۔کچھ غذائیں بھی دماغ کو صحت مند ، فعال ،مضبوط اور تیز بناتی ہیں۔ لیکن ذہانت اور فہم کا زیادہ تعلق تیز دماغی صلاحیتوں اور سمجھ بوجھ ، درست قوت فیصلہ ،اور حاضر دماغی سے ہے۔ ایسی دماغی یا ذہنی صلاحیتیں قدرتی بھی ہوتی ہیں اور کچھ دماغی ورزشوں سے بھی ذہن کو تیز بنایا جا سکتاہے۔ذہن کو تیز کرنے والی ان دماغی ورزشوں کے لئے عمر کی بھی کوئی قید نہیں ہر عمر کے افراد یہ مشقیں کرسکتے ہیں ۔ یاداشت ، ارتکاز، توجہ اور ذہنی صلاحیتوں کو ان کے ذریعے تیز بنایا جا سکتاہے۔ دماغی اور ذہنی مشقوں سے مدد سے روزمرہ کے کاموں کو آسان اور بہتر بنا سکتے ہیں جس سے زندگی سہل ہوجاتی ہے ۔اس سے یہ بھی فائدہ ہوتاہےکہ ان ورزشوں یا مشقوں سے بڑھتی عمر میں یا بڑھاپے میں بھی دماغ صحت مند اور تیز رہتا ہے اور درست کام کرتاہے۔
دماغی صلاحیتوں کو بہتر بنانا
پہیلی کو حل کرنا جیسے جیگسا پزل (Jigsaw puzzle ) ایک کھیل ہے۔ لیکن اس کے ذریعے دماغ کے سوچنے کی رفتار اور کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ ٹکڑوں کو جوڑ کر کوئی شکل یا تصویر بنانے سے سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتاہےاور جیگسا پزل عملی صلاحیتوں اور بصری صلاحیتوں یعنی بینائی پر بھی اچھے اثرات مرتب کرتاہے۔پزل کے ٹکڑے غور سے دیکھے جاتے ہیں اور سوچ کے ذریعے فیصلہ کیا جاتا ہے کہ کہاں جوڑنا ہے۔یہ دلچسپ عمل ذہنی صلاحیتوں کو بیدار کرتاہے۔
جیگسا پزل Jigsaw puzzle گھر پر تیار کریں
بازار میں یوں تو کئی قسم کےجیگسا پزل Jigsaw puzzle گیمز دستیاب ہیں اور موبائل اور نیٹ پر بھی فری اس طرح کے گیمز آسانی سے کھیلے جاسکتےہیں۔ لیکن آپ گھر پر بھی جیگسا پزل گیمز آسانی سے بنا سکتےہیں ۔ عام طور پر کئی قسم کے اچھے پیپر پر پرنٹ شدہ مختلف کمپنیوں کی مصنوعات کے اشتہارات گھروں پر پبلسٹی کے لئے آتے رہتے ہیں یا تو گیم بنا نے کے لئے وہ استعمال کرلیں یا کسی رسالے سے کوئی اچھی سی تصویر کاٹ کر بھی اس کاجیگسا پزل Jigsaw puzzle گیم بنایا جاسکتا ہے۔ لیکن خیال رہے کےجیگسا پزل گیمز تیار کرتے وقت اتنے ٹکڑے نہ بنائیں کہ گیم کھیلنا مشکل ہوجائے مناسب تعداد میں ٹکڑے کاٹیں کیونکہ زیادہ تعداد میں ٹکڑے جوڑنے سے ذہن تھک جائے گا اور ذہن پر بوجھ پڑے گا ۔اس لئے ذہنی ورزش کے لئے نئی نئی تصاویر کے جیگسا پزل گیم آپ آسانی سے گھر پربھی بنا سکتے ہیں اور بچوں کے لئے بھی بنائے جاسکتے ہیں۔ پیپر کو پہلے کسی سخت گتے کے ٹکڑے پر چپکا دیں اور سوکھنے کے بعد اس کے حسب منشا برابر سائز کے ٹکڑے کاٹ لیں۔ لیجئے اچھا سا جیگسا پزل Jigsaw puzzle گیم تیار ہے۔ چاہے یہ پزل ٹکڑے ایک ہزار یا سو ٹکڑوں پر مشتمل ہوں ۔ جیگسا پزل دماغ کو مضبوط کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ کیونکہ اس میں دماغی صلاحیتں بیدار ہوتی ہے اورتوجہ مرکوز ہوتی ہے۔
لغت میں ا ضافہ
ذخیرہ الفاظ علمی صلاحیت کو بڑھاتےہیں۔اس سے انسان اسمارٹ نظرآتاہے ۔ الفاظ کو متحرک دماغی کھیل میں بھی بدلا جا سکتا ہے ۔ پڑھتے وقت نئے الفاظ کو نوٹ کریں ۔معنی دیکھیں اور انھیں روزمرّہ کی گفتگو میں استعمال کریں ۔ اسی طرح ایک حرف سے شروع ہونے والےپھلوں ،سبزیوں یا انسانوں یا جگہوں کے نام لکھیئے ۔ یہ ذہنی ورزش بھی ذہن کو تیز کرتی ہے۔
فطرت سے خوش ہوں
زیادہ یا کم وقت جب موقع ملےفطرت کے دلفریب مناظر سے لطف اندوز ہوں۔ خاص طور پر صبح کی سیر کی عادت ڈالیں اور ا رد گرد کے ماحول پرتوجہ دیں۔ اس سےبھی ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتاہے۔
تمام حواس کا استعمال
ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق کوئی بھی ایسا کام جس میں انسان کے تمام حواس استعمال ہوں اس سے دماغی صلاحیتیں بیدار ہوتی ہیں ۔ یعنی کوئی بھی ایساکام جس میں بیک وقت سونگھنے ، دیکھنے ، چکھنے، چھونے اور سننے کے حواس استعمال ہوں ۔ جیسے کوئی مذیدار سی اپنی پسند کی ڈش بنانا۔ کھیتوں یا فصلوں میں جا کر کوئی پھل چکھنا، وغیرہ یا کوئی ایسی سر گرمی جس میں زیادہ حواس استعمال ہوں ۔ جیسے سمندر کی سیر وغیرہ
کوئی نیا ہنر سیکھنا
کوئی بھی نئی چیز ، یا ہنر سیکھنے کا شوق یا ایکٹیویٹی ذہن کو تیز بناتی ہے ۔ اسکولز میں بچوں کو نئی نئی ایکٹیویٹیز اسی لئے سکھائی جاتی ہیں جس سے ان کا ذہن تیز ہو۔ لیکن کوئی نیا ہنر یا نئی چیز سیکھنے کا شوق یا دماغی ورزش ہر عمر میں سود مند ثابت ہوتی ہے۔اس سےبھی ذہن کو سکون اور خوشی حاصل ہوتی ہے ،اور دماغ تیز ہوتاہے۔ سیکھنے کا عمل انسان کو ذہنی طور پر متحرک رکھتاہے جس سے اس کی دماغی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتاہے۔ اور بڑی عمر کے افراد کےلئےتو یہ بہت ہی ضروری ہے کیوںکہ اکثر بڑی عمر کے ساتھ یاد داشت کمزور ہونےلگتی ہے۔نئی چیزیں سیکھنے کا شوق دماغ کو تیز رکھتاہے اس سے یاداشت متاثر نہیں ہوتی اور یہ بڑی عمر کے افراد کو ذہنی طور پر فعال رکھتی ہے۔
دہرانا
کسی چیز یا بات کو یاد رکھنےکے لئےاسے دہرائیں یا کہیں نوٹ کرلیں ۔ اس سے یاداشت بہتر ہوتی ہے۔
اپنے علاقےکا نقشہ بنائیں
یہ سر گرمی نہ صرف ذہن کو تیز کرےگی بلکہ آپ کی یاداشت کو بھی مضبوط کرے گی ۔
مراقبہ کرنا
مراقبے کی ورزش ہزاروں سالوں سے استعمال ہورہی ہے ۔ یہ ایک ذہنی تنظیم ہے اور ذہنی ورزش بھی ہے۔ یہ تناؤ کوکم اور دماغی صلاحیتوں کو بڑھاتا بھی ہے۔
کم وقت معین کرنا
کوئی بھی کام جو اگر 10 منٹ میں ہوتا ہے تو خود کو بغیر اضافی تکلیف دیئے بغیر اسے 7سے 9 منٹ میں کرنےکی کوشش کریں ۔ یہ سرگرمی ذہن کی صلاحیتوں کو بڑھانے کےساتھ ساتھ جسم کو بھی متحرک اور فعال بنائے گی ۔ ملازمت ، مشغلے ،نیا ہنر نئی چیز سیکھنا، رضاکارانہ خدمات یا رہنمائی کرنا ذہنی طور پر متحرک رکھتے اور دماغ کو بھی تیز رکھنے کے اضافی طریقے ہیں۔