گھر میں ہی خاص طور پر باورچی خانے میں ایسے اجذاء اور ایسی چیزیں دستیاب ہوتی ہیں جو کئی امراض کا علاج اور حسن و خوبصورتی سے متعلق کئی مسائل کا حل ہوتی ہیں ۔ جیسے ہلدی ، انڈے ، زیتون کا تیل ، لہسن ، پیاز ، لیموں ، چقندر ، بادام ، شہد ، پودینہ ، کھیرا وغیرہ ان ہی میں ایک جذ یا ایک چیز چاول بھی ہیں ۔
چاول دنیا بھر میں مرغوب غذا ہے ۔ بچے بوڑھے اور جوان سب ہی چاول شوق سے کھاتےہیں ۔ یہ ایک ایسی غذا ہے جو سادہ طریقے سے ، مرچ مصالحے دار اور بطور میٹھے پکوان کے طور پر بھی استعمال کی جاتی ہے ۔ لیکن چاول کا بیرونی استعمال خوبصورتی میں اضافے کے طور پر بھی کیا جاتا ہے۔ اور کاسمیٹکس پروڈکٹس میں چاول کو خوبصورتی میں اضافے کے لئے بیوٹی پروڈکٹس کے اجذاء میں شامل کی جاتا ہے جیسے شیمپو اور کریمیں وغیرہ ۔ صدیوں سے چاول کو بلکہ چاول کے پانی کو قدرتی طور پر خوبصورتی میں اضافے کے لئے بیرونی طور پر بطور علاج استعمال کیا جاتا ہے ۔ یعنی چاولوں کا پانی ،خوبصورتی میں اضافے کا گھریلو قدرتی علاج ہے ۔
چاول کا پانی بالوں اور جلد کی حفاظت اور خوبصورتی میں اضافے کے لئےایک سستا گھریلو قدرتی علاج ہے اس میں ایسے وٹامنز اور معدنیات شامل ہیں جو حسن و خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں اور جلد اور بالوں کے مسائل کا مؤثر علاج ہیں ۔ یہ جلد کی تمام اقسام کے لیے مفید اور مؤثر بھی ہے۔اسی لئے چاول کا پانی چہرے اور بالوں کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے صدیوں پرانا علاج ہے۔
چاول کا پانی کیا ہے ؟
چاول بھگونے یا ابال کر پھینکنے والے پانی کو جلد اور بالوں کے مسائل کے لئے بطور علاج استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اور اسے چاولوں کا پانی کہا جاتا ہے ۔ یہ صدیوں سے نسل در نسل استعمال کیا جا رہا ہے۔ چاولوں کا پانی جلد کو ہموار اور چمکدار بناتا ہے اور بالوں کے کئی مسائل کا حل بھی ہے ۔
چاول کا پانی جلد کے لئے مؤثر ہے ۔
چاول کے پانی میں ایسے وٹامنز ، معدنیات اور امائنو ایسیڈ اور اینٹی آکسیڈنٹس اجذا شامل ہوتے ہیں جو جلد پر بڑھتی عمر کے نشانات کو کم کرتے ہیں اور جلد کی عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرتے ہیں یا روکنے کی حد تک کم سکتے ہیں اور جلد کی ہمواری اور لچکداری کو برقرار رکھنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ یہ جلد کو صاف بھی رکھتاہے اور نکھارتا اور رنگت کو بھی بہتر بناتا ہے ۔ چاول کا پانی جلد کو موئسچرائز بھی رکھتا ہے اور جلد کو نرم و ملائم بھی بناتا ہے۔
اس لئے چاول کا پانی بڑھاپے کی علامات سے لڑنے، مثلا جھریوں اور باریک لکیروں کو کم کرنے اور ہموار، مضبوط اور چمکدار جلد کو فروغ دینے میں مدد کر سکتا ہے۔ یہ جلد کو نہ صرف ہائیڈریٹ اور موئسچرائز رکھتا ہے بلکہ قدرتی کلینزر کے لیے بھی بہترین ہے۔ چہرے کو میل کچیل او رگردو غبار سے صاف کرتا ہے اور چہرے کے داغ دھبے دور کرکے صاف اور ترو تازہ بناتا ہے ۔جلد کی سب سے اوپر والی بیرونی تہ جلد کو خشک ہونے سے روکتی ہے اور چاول کا پانی استعمال کرنے سے بیرونی تہ ترو تازہ رہتی ہے۔ یہ جلد پر دھوپ کی تپش کے اثرات کو بھی کم کرتا ہے اور سوزش ، جلن اور خارش میں اثر انگیز ہے جلد کو سکون بخشتاہے ۔
جلد کو کیل مہاسوں سے محفوظ رکھنے میں بھی مؤثر ہے اور ان کا خاتمہ کرتا ہے ۔ چاول کا پانی چہرے پر لگا کر 15 سے 30 منٹ تک چھوڑنے سے جلد کے خلیوں کی پرورش ہوگی۔ اور یہ جلد کے مردہ خلیوں کو ہٹانے میں بھی مدد کر تا ہے ۔ اس کے علاوہ، بہترین نتائج کے لیے رات کو سوتے وقت چہرے پر اس کا ماسک بھی لگا سکتے ہیں۔۔ چہرے کی خوبصورتی کے لئے چاولوں کو ابال کر یا پیس کر اس سے مختلف فیس ماسک بنا کر استعمال کیا جاتا ہے ۔ چاولوں کے آٹے کو فیس واش میں ملا کر چہرہ اور ہاتھ دھونے سے بھی جلد نرم ملائم ، صاف اور چمکددار ہوجاتی ہے اور جھریوں میں بھی کمی آتی ہے ۔ چاولوں کے آٹے اور شہد کو ملا کر بہترین وائٹننگ اسکرب بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔ ایک چمچہ چاولوں کے آٹے کو دس منٹ دوچمچے دودھ میں بھگو کر چہرے پر مساج کرنے سے چہرے پر نکھار چمک اور ملائمت پیدا ہوتی ہے ۔ جلد کی لچک میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
بالوں کی صحت کے لیے چاولوں کا پانی مفید اور مؤثر
چاول کا پانی نہ صرف جلد کے لیے ہی بہترین ہے بلکہ یہ بالوں کے لیے بھی مفید ہے۔ بالوں کو مضبوط اور چمکدار بنانے کے لیے اسے بطور ہیئر ماسک استعمال کیا جا سکتا ہے، یہ بالوں کی نشوونما کو تیز کر سکتا ہے، یہاں تک کہ اسے زیادہ حجم بھی دے سکتا ہے۔
چاول کو بھیگنے کے بعد جو چاولوں کا پانی حاصل ہو ۔ اس سے سر کو دھو لیں اس سے خشکی سکری کا خاتمہ بھی ہوتا ہے اور یہ بالو ں کی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے ۔ بالوں کو شیمو کرنے کے بعد بالوں میں چاولوں کے پانی سے دو تین منٹ مساج کریں ، پھر بالوں کو صاف پانی سے دھو لیں، بال نرم اور چمکدار ہو جائیں گے۔
اس پانی کے استعمال سے بالوں کی صحت پر بھی بہت اچھا اثر پڑتا ہے جلد اور بال نرم و ملائم ہو جاتے ہیں ۔ بال گرنا بند ہو جاتے ہیں بالوں کی افزائش بڑھتی ہے اور بال گھنے، چمک دار بھی ہوجاتے ہیں ۔ اس لئے یہ جِلد اور بالوں کے مختلف امراض کے علاج میں مفید ہے۔
گھر میں جلد کے لیے چاول کا پانی تیار کرنا
اگرچہ چاول کا پانی تیار کرنے کے کئی طریقے ہیں لیکن دو طریقے زیادہ معروف اور کار آمد ہیں۔ پہلا یہ کہ چاول کو بھگونے کے بعد اس کا پانی استعمال کرنا اور دوسرا طریقہ چاولوں کو ابال کر ابلے ہوئے پانی کو استعمال کرنا ۔
بھگونے کا طریقہ
چار ٹیبل اسپون چمچے چاولوں کو پانی سے اچھی طرح دھو کر ایک کپ پانی میں ایک صاف پیالے میں کم از کم 30 منٹ یا دو تین گھنٹے تک بھگو دیں۔
پھر چاولوں کو چھان کر اس کا پانی ایک پیالے میں فریج میں رکھ دیں۔ استعمال سے پہلے اس پانی کو ایک اسپرے بوتل میں ڈال کر پہلے چہرے کو صاف کرلیں پھر اس چاول کے پانی کا چہرے پر اسپرے کر لیں ۔ اسے دس سے پندرہ منٹ تک جلد پہ لگا رہنے دیں پھر نیم گرم پانی سے اچھی طرح دھولیں چاولوں کا یہ پانی صرف 24 گھنٹوں کے اندر ہی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اسے زیادہ عرصے کے لئے اسٹور نہیں کیا جاسکتا ۔ اپنے چہرے پر دن میں دو بار یہ چاول کا پانی استعمال کر سکتے ہیں۔
ابلے ہوئے چاولوں کے پانی کا طریقہ
چار ٹیبل اسپون چمچے چاولوں کو پہلے اچھی طرح دھو کر کچھ دیر کے لئے بھگو دیں ۔پھر اس کو ابا ل لیں پھر ابلے ہوئے چاولوں کا پانی چھان کر نکال لیں اور ٹھنڈا ہونے کے بعد اسے روئی کی مدد سے چہرے پر لگا ئیں ۔ اس پانی کو فریج میں ایک ہفتےتک کے لئے بھی اسٹور کیا جاسکتا ہے ۔