لیموں کا پودا ایک سدا بہار جھاڑی کی طرح پھیلا ہوا یا چھوٹا درخت ہوتا ہے لیموں کی مسیحائی ۔لیموں کو نیبو بھی کہا جاتا ہے ۔ یہ ایک مقبول پھل ہے ۔ اپنے بے شمار فوائد کی وجہ سے اگر جسمانی صحت وتندرستی کو برقرار رکھنے کے لئےاسے مسیحا کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا ۔ یہ ایک سستا پھل ہے جو با آسانی بازار سے دستیاب ہو جاتا ہے۔
غذائی اجزاء
لیموں میں کئی صحت بخش غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جیسے کیلوریز، وٹامن سی ،پانی ،شوگر، پروٹین، فائبر، پوٹاشیم ، کاربوہائیڈریٹ، معدنیات اور مختلف مفید نباتاتی مرکبات کافی مقدار میں ہوتے ہیں۔
بطور غذا لیموں کا استعمال
لیموں بطور غذا مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے ۔ اسے لوگ کھانے میں ذائقہ شامل کرنے کے لیے کم مقدار میں استعمال کرتے ہیں جیسے کسی سالن یا حلیم وغیرہ پر اوپر سے نچوڑ کر بھی استعمال ہوتا ہے۔ لیموں سلاد کے ساتھ ، چٹنی ، سلاد ڈریسنگ ، میرینڈز کرنے کے لئے ، مشروبات اور میٹھے پکوانوں کو ذائقہ دینے کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔ لیموں کا رس کئی پیسٹریوں اور میٹھایوں کا بھی ایک خاص جزو ہے ، اس کے علاوہ مختلف پکوانوں میں ذائقے بڑھانے کے لیئے جیسے پلاؤ ، زردہ وغیرہ میں بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ لیموں پانی یعنی لیموں کا شربت جو موسم گرما کا ایک مشہور مشروب ہے ۔ ٹحنڈک اور تازگی کا احساس دلاتا ہے۔ اور چائے میں بھی لیموں کا استعمال کافی مقبول ہے۔
لیمو ں کے ان گنت فوائد
مدافعا تی نظام میں اضافہ
لیموں جسم کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتااور اسے مضبوط اور طاقتور بناتا ہے۔ جس کی وجہ سے نہ صرف موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے بلکہ جسم میں دوسری کئی بیماریوں کے خلاف بھی لڑنےکی صلاحیت اور قوت مین اضافہ کرتا ہے۔
عمر کے اثرات کو کم کرتا ہے
عمر کے اثرات کو کم کرتا ہے جلد کو تروتازہ رکھتا ہے فری ریڈیلز کا خاتمہ کر کے جلد کو بڑھاپے کے اثرات ( جھریوں ) کو روکتا ہے۔ لیموں میں پایا جانے والا وٹامن سی جلد پر جھریاں پڑنے ، جلد کو خشک ہونے اور سورج کی نقصان دہ ریزز سے ہونے والے نقصان کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
امراض قلب سے بچاؤ
دل کی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے لیموں میں بہترین غذائی اجزاء شامل ہوتے ہیں۔لیموں میں موجود وٹامن سی، فائبر اور نباتاتی مرکبات دل کی بیماریوں کے خطروں کم کر سکتے ہیں۔
کولیسٹرول کی سطح میں کمی
لیموں میں موجود سائٹرس فائبر اور پودوں کے مرکبات خون میں کولیسٹرول کی سطح کم کرتے ہیں۔
وزن کنٹرول
لیموں جسمانی وزن کو بھی کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ نیم گرم پانی میں لیموں کا رس شامل کر کے پینے سے وزن میں کمی واقع ہوتی ہے۔
فالج کے خطرے سے محفوظ
میڈیکل سائنس کےمطابق جسم میں وٹامن سی کی کمی فالج کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔اور فالج کے خطرے کو بڑھاتی ہے ۔ خاص طور پر ان لوگوں میں جن کا بلڈپریشر زیادہ ہوتا ہو یا ان کا وزن زیادہ ہو ۔ اس لئے لیموں میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء خاص طور پر وٹامن سی فالج کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
گردے کی پتھری سے بچاؤ
لیموں میں شامل سائٹرک ایسڈ گردوں میں پتھری پیدا ہونے کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔ کیونکہ وہ گردوں میں پتھری بننے کے عمل کو روکتا ہے اور انھیں تحلیل کرنے کی بھی خاصیت بھی رکھتا ہے۔
انیمیا سے بچاؤ
جسم میں آئرن کی کمی سے اینیما کی بیماری ہوجاتی ہے ۔ لیموں میں آئرن کی زیادہ مقدار تو نہیں ہوتی لیکن اس میں شامل وٹامن سی اور سائٹرک ایسڈ جسم میں آئرن جذب کرنے کی صلاحیت کو بہتر بناتے ہیں۔اس لئےجو بھی غذا انسان کھاتا ہے لیموں اس غذا میں موجود زیادہ سے زیادہ آئرن جذب کرنے میں مدد کرتا ہےاور جسم میں خون کی کمی کو واقع ہونے سے روکتا ہے۔
کینسر کے خطرے کو کم کرتا ہے
پھل اور سبزیاں صحت بخش غذا ہیں۔ جو کچھ اقسام کے کینسروں کی روک تھام میں مفید ہیں۔ کچھ مشاہدات بتاتے ہیں کہ جو لوگ وٹامن سی والے پھل اپنی غذا میں شامل رکھتے ہیں ان میں کینسر کے خطرات بہت کم ہوتے ہیں ۔ اور مختلف ٹیسٹوں سے بھی یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ لیموں میں شامل بہت سے مرکبات نے کینسر کے خلیوں کو ختم کیا ہے۔
نظام انہضام کو درست رکھتا ہے
لیموں کا استعمال نظام انہضام کو متحرک اور درست رکھنے میں مدد دیتا ہے۔لیموں میں شامل فائبر ہا ضمے کے نظام کودرست رکھتا ہے۔ کیونکہ یہ آنتوں کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔ اس میں شامل پیکٹین فائبر، شکر اور نشاستے کے عمل انہضام کو سست کر کے بلڈ شوگر کی سطح کم کر سکتا ہے۔ لیکن اس کے لئے لیموں کے رس کے ساتھ ساتھ اس کا گودا بھی کھانا ضروری ہے ۔
بلڈ پریشر میں کمی
لیموں میں شامل غذائی جذ پوٹاشیم بلڈ پریشر کی سطح کو کم کر تا ہے، اور دل کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کر تا ہے۔
تناؤ سے بچاؤ
لیموں کی خوشبو ذہنی تناؤ کو کم کر سکتی ہے اور مزاج کو بہتر اور خوشگوار بنا سکتی ہے۔لیمو ں پانی بھی تناؤکو کم کرتا ہے ۔ ایک گلاس سادے پانی میں ایک یا دو تازہ نیبو نچوڑ کر پینے سے ذہنی تناو کم اور قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔
ہائیڈریشن میں اضافہ
پانی جسم کی اہم ضرورت ہے اگر جسم میں پانی کی کمی ہوجائے تو ڈی ہائیڈریشن ہوجا تی ہے۔ اس لئے موسم گرما میں لیموں کا شربت پینےسے جسم میں پانی کی کمی بھی پوری ہوتی رہتی ہے۔ اس لئے یہ جسم کو ہا ئیڈریشن رکھنے کا اچھا ذریعہ ہے۔
اینٹی آکسیڈینٹ اجزاء
لیموں کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے یہ کہ وٹامن سی کی دولت سے مالا مال ہے، اور یہ وٹامن سی اور فلاوونائڈزحاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ، جو اینٹی آکسیڈینٹ اجزء کہلاتے ہیں۔ وٹامن سی صحت کے لیےانتہائی ضروری ہے۔ کیونکہ جسم میں اس کی کمی بیماریوں کا سبب بنتی ہے ۔ اینٹی آکسیڈنٹس انسانی جسم میں فری ریڈیکلز کوختم کرنے میں مدد کرتے ہیں جو جسم کے خلیوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔اورجسم کی صحت و تندرستی کے لئے خطرہ اور بیماریوں کا سبب پیدا کرتے ہیں ۔ اینٹی آکسیڈینٹ غذائی اجزاء بیماریوں کو روکنے اور صحت اور تندرستی کو برقراررکھنے میں مدد کرتے ہیں۔
لیموں کا بیرونی استعمال
لیموں نہ صرف بطور غذائی جنس کے استعمال ہوتا ہے بلکہ جسم کے بیرونی استعمال میں بھی مفید ہے۔ یہ جلد کو صاف شفاف کرتا اور خشک ہوکر پھٹنے سے بچاتا ہے۔ اور چہرے سے کیل مہاسوں کا بھی خاتمہ بھی کرتا ہے ۔وسم سرما میں لیموں کےعرق، گلیسرین اور عرق گلاب کو ملا کر چہرے اور ہاتھوں اور پیروں کی جلد پر لگانے سےجلد صاف شفاف ، نرم ملائم اور چمکدار ہوجاتی ہےاور سردیوں میں خشک ہونے اور پھٹنے سے بھی محفوظ رہتی ہے۔
اسکیمک اسٹروک
یہ فالج کے خطرہ کو کم کرتا ہے اور ایک طبی تحقیق کے مطابق فلیوونائڈز غذا ئی اجزاء کینسر اور قلبی امراض سے بھی محفوظ رکھتے ہیں اور خواتین میں اسکیمک اسٹروک کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔ اسکیمک اسٹروک اسٹروک کی سب سے عام قسم ہے۔ اس کا مطلب ہے جب خون کا جمنا دماغ میں خون کے بہاؤ کو روک دے۔
لیموں کےمضر اثرات
جن لوگوں کو لیموں سے الرجی ہو ان کے لئے یہ نقصان دہ ہے اس لئے کچھ لوگوں میں یہ الرجی یا جلد کی جلن کا سبب بن سکتا ہے۔ اس سے دانت بھی خراب ہو سکتے ہیں لیمو میں کافی تیزابیت ہوتی ہے۔اس کا کثرت سے استعمال صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتاہے۔ اس کا بھی اعتدال سے استعمال ہی اس کے فوائد بہرہ مند کرسکتا ہے۔غرض لیموں بہت صحت بخش اور مفید ہے کیونکہ در حقیقت ، لیموں دل کی صحت وتندرستی ، وزن پر قابو پانے اور نظام انہضام کو بہتر رکھنے میں بہت معاون ثابت ہوتاہے اور یہ وٹامن سی حاصل کرنے کا ایک اچھا ذریعہ بھی ہے۔ یہ کئی اقسام کے انفیکشن سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔