صدیوں سے خوراک کو محفوظ کرنے کے لئےمختلف طریقے اختیار کیئے گئے اور تجربات بھی کیئے جاتے رہے ۔ اور زمانہ قدیم سے ہی خوراک کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھنے کے لئے مختلف طریقے اپنائے گئے ہیں ۔ لیکن آج کل ایسے طریقے ، تکنیکیں اور کیمکلز ہیں جن کی وجہ سے خوراک کو صنعتی طریقوں پر کافی عرصے تک یعنی کچھ سال تک بھی محفوظ کیا جاسکتا ہے۔اس مضمون میں ہم پھلوں اور سبزیوں کو دیر تک تازہ اور محفوظ رکھنے کے بہترین طریقے گوش گزار کریں گے۔
گھریلو طور پر سبزیوں اور پھلوں کو بہت زیادہ عرصے تک محفوظ رکھنا مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں ہے ۔ عام طور پر اگرچہ فریج میں کچھ دن تک خوراک کو محفوظ کیا جاسکتا ہے لیکن اس کا دورانیہ زیادہ نہیں ہوتا ہے۔ کیوں کہ فریج میں بھی کھانے پینے کی اشیاء سبزیاں وغیرہ دو تین بعد خراب ہوناشروع ہو جاتی ہیں ۔ لیکن اگر کچھ خاص طریقوں سے سبزیوں اور پھلوں کو فریج میں محفوظ کیا جائے تو یہ کافی عرصے تک محفوظ ، تازہ اور استعمال کے قابل رہتی ہیں ۔
ہرا دھنیا اور پودینہ
ہرا دھنیا اور پودینہ فریج میں بھی بہت جلدی خراب ہو جاتے ہیں ۔اس کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھنے کے لئے پہلا طریقہ یہ ہے کہ سب سے پہلے ان کو اچھی طرح دھو کر کاٹ لیجئے اور ان کو برف کی کیوبز ٹرے میں ڈال کر اس پر پگھلا ہو ا مکھن لگا دیجئے اور فریز کر لیجئے ۔ دوسرا طریقہ یہ ہےکہ پودینے اور ہرے دھنیے کو ڈنڈیوں سمیت آدھے گلاس پانی میں ڈال کرفریج میں رکھ دیجے اس طرح پودینہ اور دھنیہ 4 یا پانچ دن تک تازہ رہے گا ۔
ہرے دھنیے اور پودینے کو زیادہ عرصے تک تازہ رکھنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ہرے دھنیے اور پودینے کو الگ الگ اچھی طرح دھونے کے بعد ایک کھلے برتن میں کھلا پانی ڈال کر اس میں ایک چمچہ ہلدی شامل کر کےگھول لیں۔ پھر دھلے ہوئے پوینے یا ہرے دھنیے کو اس ہلدی ملے پانی میں اچھی طرح دوبارہ دھولیں ۔ ہرے دھنیے کے لئے اسکے بعد ہرے دھنیے کو ایک بڑی ٹوکری یا ایک بڑے کاٹن کے صاف کپڑے پر رکھ کر ہوا میں خشک کرلیں ۔ اسے دھوپ میں ہرگز خشک نہ کریں ۔ جب ہرا دھنیا خشک ہو جائے تو اس میں سے گلا، سڑا ہرا دھنیا صاف کرلیں اور پھر اس کا نچلا حصہ یعنی ڈنٹھل تقریبا دو سے تین انچ تک کاٹ لیں اب ایک ائیر ٹائٹ باکس لے کر اس میں چار پانچ ٹشو پیپر بچھا دیں اور اس پر اس ہرے دھنیے کو رکھ دیں۔ ہرا دھنیہ رکھنے کے بعد پھر اوپر سے چند ٹشو پیپرز ہرے دھنیے پر بچھا دیں ۔ پھر اس کو پلاسٹک شیٹ سے بند کردیں اور ائیر ٹائٹ باکس کا ڈھکنا بند کر کے اس کو فریج میں رکھ دیں ۔ اسی طرح پودینے کو بھی مندرجہ بالا طریقے سے دھونے اور خشک کرنے کے بعد یعنی جب پودینہ اچھی طرح خشک ہو جائے تو اس کے پتے ڈنڈیوں سے الگ کرلیں اور خراب اور جلے ہوئے پتوں کو بھی الگ کردیں ۔اب پودینے کے صاف پتوں کو ائیر ٹائٹ باکس میں اوپر نیچے ٹشو پیپرز بچھا کر فریج میں محفوظ کرلیں ۔ فریزر میں ہرگز نہ رکھیں۔
ہری مرچیں
ہری مرچوں کو اچھی طرح دھونے کے بعد پھر ایک بار ہلدی ملے پانی میں دوبارہ اچھی طرح دھولیں اور کسی کپڑے پر بچھا کر ہو ا میں خشک کرلیجئے ۔ جب ہری مرچیں خشک ہو جائیں تو اس میں سے بھی گلی سڑی،سوراخ والی یا پھٹی ہو ئی ہری مرچیں الگ کرلیں ۔ اب صاف ہری مرچوں کو ایک زییپر شاپر میں ڈال کر فریج میں محفوظ کرلیں۔
پالک
پالک کو اچھی طرح دھو کر کاٹ کر بغیر پانی کے درمیانی آنچ پر پکنےکے لئے رکھ دیں ۔ جب پانی کچھ خشک ہو جائے تو ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں ۔ ٹھنڈا ہو جانے پر کسی ائیر ٹائٹ جار میں بھر کر فریز کردیں ۔ یا ایک بھگونے یا پتیلے میں پانی گرم کریں اب پالک کو ڈنڈیوں سمیت دھو کر ایک برتن میں ڈال لیں ۔ پانی گرم ہونے کے بعد پالک پر گرم پانی چمچے کی مدد سے ڈالیں ۔ جب گرم پانی کی وجہ سے پالک کچھ نرم ہو جائے تو چمچے کی مدد سےاسے چلا لیں ۔اور ٹھنڈا پانی شامل کردیں۔ اس کے بعد پالک کو ہاتھ میں اٹھا کرقدرے نچوڑ کر گول شیپ میں پالک کی گیند بنا لیں۔ اور شاپر میں رکھ کر فریز کردیں ۔
دیگر سبزیاں
اسی طرح بھنڈی ، ٹنڈے ، گوبھی ، موگرے ، شملہ مرچ وغیرہ کو الگ الگ اچھی طرح دھو کر کاٹ لیں پھر اسی طرح بھنڈی یا ٹنڈے یا گوبھی یا موگرے یا شملہ مرچ وغیرہ کو الگ الگ دو ٹیبل اسپوں تیل میں ایک دو منٹ کے لئے تل لیں کہ ان کا پانی بھی خشک ہو جائے ۔ اس کے بعد ٹھنڈا ہونے پر کسی ایئر ٹائٹ جار یا ائیر ٹائٹ شاپر میں بھر کر فریز کرلیں یہ سبزیاں کئی ماہ تک استعمال کے قابل رہیں گی۔
مٹر
مٹروں کو ایک سال سے بھی زیادہ عرصے تک محفوظ رکھنے کا طریقہ یہ ہے کہ فریش مٹر کی پھلیاں لا کر مٹر چھیل لیں ۔گلے سڑے اور چھوٹے دانے الگ کردیں ۔ اب ایک برتن میں پانی گرم کریں۔ جب پانی میں ابال آنا شروع ہو جائے تو اس مین ایک ٹی اسپون نمک شامل کردیں اور ایک سے ڈیڑھ چمچہ شکر بھی شامل کردیں۔ اب پانی میں ایک دو بار چمچہ چلا دیں تا کہ دونوں چیزیں اچھی طرح حل ہو جائیں ۔ اس کے بعد چھلے ہوئے مٹر کے دانے اس ابلتے ہوئے پانی میں شامل کردیں اور چولہے کو بند(آف) کرد یں۔ مٹروں کو ابالنا نہیں ہے۔ ایک سے دو منٹ کے اندر مٹر کے دانےپانی کے اوپر تیرنے لگیں گے۔ ان کو کسی چھنی کی مدد سے نکال کر کسی چھلنی میں ڈال دیں۔ اور ان کو ہو ا میں دس منٹ تک خشک اور ٹھنڈا ہونے دیں ۔ دس منٹ بعد مٹر کے دانوں کو کسی صاف کپڑے پر پھیلا کر اچھی طرح خشک کرلیں کہ ان میں پانی نہ رہے ۔ جب مٹر کے دانے اچھی طرح خشک ہو جائیں تو اس میں ایک ٹی اسپون تیل شامل کر کے مکس کرلیں اور کسی ایئر ٹائٹ شاپر میں ڈال کر فریزر میں رکھ دیں ۔ یہ مٹر ایک سال تک استعمال کیئے جاسکتےہیں ۔
سیب
سیب کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھنے کا طریقہ یہ ہے کہ اچھے تازہ سیب بازار سے لے لیں ۔ پھر ان کو کھلے پانی کے ساتھ پہلے ایک چمچہ نمک ڈال کر دھولیں ۔ پھر پانی کو پھینک دیں اور دو تین بارپانی بدل بدل کر اچھی طرح سیب دھو لیں۔ لیکن نمک صرف پہلی بار دھونے وقت ہی ڈالنا ہے ۔ سیبوں کو دوبارہ دھوتے وقت نمک نہیں ڈالنا ہے۔ دو تین بار اچھی طرح سیبوں کو دھو کر ایک ٹوکری میں نکال لیں ۔ تا کہ سارا پانی نکل جائے ۔ کچھ دیر بعد سیبوں کو صاف کاٹن کے کپڑے یا کچن ٹاول سے اچھی طرح خشک کرلی۔پھر دس پندرہ منٹ بعد ہر ایک سیب کو الگ الگ کاغذ میں لپیٹ دیں ۔ اور ایک صاف خشک ٹوکری لیں اس کے نیچے کچھ کاغذ بچھاہیے اور کاغذ میں لپٹے ہوئے سیبوں کو اس ٹوکری میں رکھ دیں ۔ سیبوں کو ٹوکری میں رکھنے کے بعد اس کے اوپر بھی دو تین کاغذ بچھا دیں۔ ۔ اب اس سیبوں کی ٹوکری کو فریج میں رکھ دیں ۔فریز ر میں قطعا نہیں رکھئے گا ۔ سیبوں کو اس طرح محفوظ کرنے سے سیب کئی دن تک تازہ اور محفوظ رہیں گے ۔
کینو یا مالٹا
کینو یا مالٹوں کو دو تین ماہ تک محفوظ رکھنے کےلئے پہلے کینو یا مالٹوں کو اچھی طرح دھو کر قدرے خشک کرلیں۔ پھر ان کو چھیل لیں۔ اس کےبعد انکی پھانکیں الگ الگ کرلیں یا ان کی گولائی کے رخ سے ان کے تین چار گول ٹکڑے کاٹ لیں ۔ اب ایک ائیر ٹائٹ کنٹینر میں کینو کی پھانکیں یا گول کٹے ہوئے تکڑوں کی لیر بچھائیے پھر ایک سفید رنگ کا شاپر بچھایئے اور پھر گول کٹے ہوئے ٹکڑے یا کینو کی پھانکیں رکھ دیں پھر ایک سفید شاپر بچھائیے اور پھر گول کٹے ہوے ٹکڑوں کی یا کینو کی پھانکوں کی ایک لئیر بچھائیے ۔اب ائیر ٹائٹ کنٹینر کو بند کر کے فریزر میں محفوظ کرلیں ۔
اسٹرابیری
اسٹرابیری کو کافی عرصے تک محفوظ کرنےکےلئے پہلے اسٹرابیری کو اچھی طرح دھو لیں۔پھر ایک کھلے برتن میں پانی بھر کر اس میں ایک چمچہ سرکہ شامل کر دیں ااور دھلی ہوئی اسٹرابیری کو آٹھ دس منٹ اس سرکے کےپانی میں بھیگا رہنے دیں۔ دس منٹ بعد اسٹرابیری کو سرکے کے پانی میں سے دھو کر چھلنی میں نکالدیں اور کچھ دیر خشک ہونے دیں ۔ پھر اسٹرا بیری کو کسی شاپر میں ڈال کر فریز کرلیں یا کسی پلیٹ میں رکھ کر دو تین گھنٹے کے لئے فریز کرلیں جب اسٹرابیری فریزر میں سخت ہو جائے تو پلیٹ میں سے نکال کر کسی شاپر میں ڈال کر فریز کرلیں اس طرح ہر اسٹرابیری الگ الگ رہے گی اور ایک دوسرے سے چپکے گی نہیں ۔
کیلے
اسی طرح کیلوں کو چھیل کر انھیں بھی ایک ائیر ٹائٹ کنٹینر میں بھر کر فریز کرلیں ۔اسطرح بھی کیلے کچھ عرصے تک استعمال کیئے جاسکتے ہیں۔