موسم سرما میں جہاں سردی اور ٹھنڈ سے بچنے کےلئے گرم کپڑوں، ہیٹر، نہانے دھونے کے لئے گرم پانی وغیرہ کا استعمال کیاجاتا ہے۔ وہیں اس موسم کے آتے ہی غذاؤں میں خشک میوہ جات ، سوپ ، گرم غذاؤں اور مشروبات کا استعمال بھی شروع ہوجاتا ہے۔ یہ سب گرم خشک میوہ جات ،غذائیں موسم سرما کی سبزیاں ، پھل اور کچھ کھانے وغیرہ موسم سرماکی خاص سوغات ہیں۔ کیوں کہ کچھ ایسے خاص کھانے یا ڈشز ہیں جو موسم سرما میں ہی کھانے میں مزا آتا ہے۔ مثلا گاجر کاحلوہ ، مونگ پھلی کی گجک ، ویجیٹیبل سوپ، چکن سوپ ، کافی ، کشمیری چائے اور پنجیری وغیرہ
یہاں ہم چند مخصوص ڈشز، موسم سرما کی خاص سوغات کا ذکر کریں گے ۔ جو غذائیت سے بھرپور ، مقوی اور ٹھنڈ کے اثرات سے محفوظ رہنے کی بہترین غذائیں ہیں۔
گاجر کا حلوہ:
گاجر کا حلوہ موسم سرما کی سب سےعام اور اہم سوغات ہے اور یہ صرف سردیوں ہی کی مخصوص ڈش ہے۔ اور اسکے کھانے کا لطف بھی سردیوں میں ہی آتا ہے ۔ کیوں کہ گاجر سردویوں ہی کی سبزی ہے اور اس سے مزیدار اور صحت بخش گاجر کا حلوہ تیار کیا جاتا ہے۔ جس میں خشک میوے اس کی غذائیت اور اس کا لطف مزید دوبالا کر دیتے ہیں۔ یہ میوہ جات جسم کوگرمائش اور توانائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ موسم سرما کی بیماریوں نزلہ ، زکام ، کھانسی اورفلوسے بھی محفوظ رکھتے ہیں ۔
سوپ:
موسم سرما کی ایک عام ڈش چکن سوپ ہے ویسے تو اسے موسم گرما میں بھی بطور غذا استعمال کیاجاتاہے لیکن موسم سرما میں گرم گرم چکن سوپ سردی میں ٹھنڈ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھتا ہے ۔ اسے مختلف طریقوں سے گرم مصالحے شامل کرکے بنایا جاتا ہے ۔ سردی کے موسم میں اکثر لوگ گھر اور باہر چکن سوپ سےخوب لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ اسی طرح سبزیوں کا سوپ بھی افادیت سے بھرپور ہوتا ہے۔
مچھلی :
مچھلی تو خاص طور پر موسم سرما کی سب سے مشہور، افادیت سے بھرپور اور اہم غذاہے۔ خاص طور پر تلی ہوئی مچھلی ، جس سے اکثر لوگ ضرور موسم سرما میں لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ اصل میں مچھلی کھانے کا صحیح موسم، موسم ِسرما ہی ہے۔ کیوں کہ اس کا شمار گرم غذاؤں میں ہوتا ہے ۔ اس لئے یہ جسم کو گرمائش پہنچا کر کئی امراض سے بچاؤ کرتی ہے ۔ اس میں بہت سے مفید غذائی اجذاء شامل ہوتے ہیں اور اومیگا 3 فیٹی ایسیڈ کا تو کوئی بدل ہی نہیں ہے جو امراض قلب سے محفوظ رکھتا ہے ۔
جھینگے :
جھینگے(Prawns) بھی سردیوں کی خاص سوغاتی ڈش ہے۔ یہ بہت گرم غذاؤں میں شمار ہوتا ہے اور انسانی جسم کو توانائی کے ساتھ ساتھ گرم رکھتا ہے۔ لوگ موسم سرما میں اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ یہ تلے ہوئے یا سالن میں بھی بہت مزیدار لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کا جھینگا پلاؤ بھی بنایا جاتا ہے جو کھانے میں انتہائی لذیز ہوتا ہے ۔
پنجیری :
سردیوں کی ایک بہت قیمتی سوغات پنجیری ہے جو بہت مقوی غذا ہے ۔ یہ موسم سرما میں جسم کو گرمائش اور توانائی پہنچانے کے لئے بہت مفید بخش ہے ۔ اس میں سوجی کے ساتھ کئی قسم کے خشک میوہ جات شامل کیئے جاتے ہیں، جو غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اس لئے یہ قیمتی ڈش بہت صحت بخش فوائد کی حامل ہوتی ہے، اور سردی سے محفوظ رہنے کی ایک بہترین ڈش ہے۔
کشمیری جائے :
سردیوں کی ایک سوغات کشمیری چائے ہے ۔ یہ ہے توکشمیر کی خاص روایتی سوغات یا ڈش۔ لیکن پاکستان کے ہر علاقے کے لوگ ہی اسے بہت پسند کرتے ہیں کیوں کہ اس میں دودھ کے ساتھ ساتھ لونگ ، سبز الائچی، پستے اور بادام بھی شامل کیئے جاتے ہیں ۔ موسم سرما میں اکثر شادی بیاہ کی تقریبات میں کھانے کے بعد مہمانداری کے لئے کشمیری چائے کو بھی مینو میں شامل کیا جاتاہے ۔تا کہ مہمان سردیوں کی اس خاص مزیدار ڈش سے بھی لطف اندوز ہو سکیں۔
ریوڑھیاں :
موسم سرما کی ایک سوغات اصلی گھی کی ریوڑھیاں بھی ہیں جو تل سے تیارکی جاتی ہیں اور کھانے میں انتہائی لذیذ ہوتی ہیں ۔ چنوں یا مونگ پھلی کے ساتھ انکا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔
گجک :
سردی کے موسم میں مونگ پھلی کی گجک بھی بہت مزیدار لگتی ہے۔ جو گڑ سے تیارکی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ تلوں ، مرمروں اور پاپ کارن وغیرہ سے بھی گڑکوشامل کرکے مذیدار گجک بنائی جاتی ہے۔ اور اسکے لڈو بھی تیار کیئے جاتے ہیں جوخاص موسم سرما ہی کی سوغاتوں میں ہی شمارہوتے ہیں۔
کافی:
موسم سرما کی سوغات ڈشز کی بات کی جائے تو کافی کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔ یہ تو سردی کے موسم کا خاص تحفہ ہے۔ اور گرم گرم کافی سے لطف اندوز ہونے میں بہت مزہ آتا ہے۔ یہ جسم کو گرم بھی رکھتی ہے اور ٹھنڈ کے اثرات سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔
انڈے :
انڈے طاقتور غذائی اجذاء اور پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں ۔ موسم سرما میں خاص طور پر ابلے ہوئے انڈوں کا ناشتا کیا جاتا ہے یا رات کوسونے سے پہلے
ابلے ہوئے انڈوں سے لطف اندوز ہوا جاتا ہے۔ یہ سردی کی شدت کو کم کردیتے ہیں۔ اور جسم کو توانائی فراہم کرنےکااچھاذریعہ ہیں۔
جوشاندہ:
اورجناب ان چند مخصوص ڈشز کے ساتھ ساتھ یہاںایک دوا کا بھی ذکر کرنا ضرور ی ہے جو موسم سرما میں انتہائی مفید ہے ۔ اس کے استعمال سے سردیوں کی تمام بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے اوروہ دوا ہے ، حکماء کا اصلی جڑی بوٹیوں والا جوشاندہ۔ جو طبیعت خراب ہونے کی صورت میں تو بطور دوا بہترین علاج تو ہے ہی ، اس کے علاوہ اسکا استعمال موسم سرما کے پورے سیزن تک ٹھنڈ کے اثرات اور اس کے امراض مثلاً گلے کی خرابی ، فلو ،نزلہ ،زکام ، بخار ،سینے کاجکڑنا موسمی وائرس سے پیداہونے والی بیماریوں اورکھانسی سے حفاظت کرتا ہے کیوں کہ اس میں ایسی برسہا برس بلکہ صدیوں کی قابل بھروسہ جڑی بوٹیاں شامل ہوتی ہیں جوان سب بیماریوں کا علاج اور ان سے بچاؤ کا کام بھی سر انجام دیتی ہیں