گاجر جو ایک جڑ والی سبزی ہے لیکن اسے بطور پھل کچا بھی کھایا جاتا ہے۔ یہ ایک ذائقہ دار سبزی ہے۔ یہ سبزی قدرت کی طرف سےموسم سرما کا ایک لاجواب تحفہ مانی جاتی ہے۔ دنیا بھر میں گاجر کئی رنگوں میں پائی جاتی ہے۔ جیسے شربتی یا نارنجی، سرخ ، سفید ، پیلی اور جامنی رنگ بھی شامل ہے۔ یہ مختلف سائزوں میں دستیاب ہوتی ہیں۔ گاجر کا مزاج گرم تر ہوتا ہے لیکن بعض حکماء کے نزدیک اس کامزاج معتدل مانا گیا ہے۔
گاجر مختلف طریقوں سے غذا کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔ یہ کچی بھی کھائی جاتی ہے جو ذائقے میں اپنا جواب نہیں رکھتی یعنی بطور سلاد ۔ اور اسے مختلف طریقوں سے پکا کر بھی کھایا جاتا ہے۔ مثلاً اس کا سالن، گوشت کے ساتھ بھی بنایا جاتا ہے یعنی گاجر گوشت اوراس کو دوسری سبزیوں کے ساتھ ملا کراس کی بھجیا بھی بنا ئی جاتی ہے ۔ اسکا مزیدار حلوہ بھی بنایا جاتا ہے جو دل کی بیماریوں کے لئے مفید ہے ۔اوراس کاجوس بنا کربھی پیا جاتا ہے۔ جو توانائی حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ طاقت و توانائی کے لئے اس کا مربہ بھی بنایا جاتا ہے جو مقوی ہوتا ہے۔ گاجر کا اچاربھی ڈالا جاتا ہے۔
گاجر کے غذائی اجذاء:
گاجر کو ایک بہترین صحت بخش غذا سمجھا جاتا ہے۔ یہ کئی وٹامنز اور معدنیات یعنی بہت اہم غذائی اجذاء پرمشتمل ہوتی ہے۔ گاجرمیں اینٹی آکسیڈنٹسس اور بیٹا کیروٹین سمیت بہت سے اہم غذائی اجزاء جیسے فائبر، کاربوہائیڈریٹ ، وٹامن K1، بی 6، کیلوریز، شکراور پوٹاشیم وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔ یہ سب غذائی اجذاء انسان کی مجموعی جسمانی صحت کے لئے بہت ضروری ہوتے ہیں ۔ اس لئے یہ ایک بہترین صحت بخش غذا ہے۔
گاجر پانی اور کاربوہائیڈریٹ پر مشتمل ہوتی ہے۔ اس میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے تقریبا 86 فیصد سے 95 فیصد تک اس میں پانی شامل ہوتا ہے۔ اور اس میں چربی اور پروٹین کی بہت کم مقدار ہوتی ہے۔ کاربوہائیڈریٹ بھی اس کا غذائی جذ ہے جو شکر اور نشاستہ پر مشتمل ہوتا ہے جیسے گلوکوز وغیرہ۔ اس میں فائبر بھی پایا جاتا ہے۔ فائبر ہاضمے کی رفتار کو سست کر کے بلڈ شگرکی سطح کو کم کرسکتا ہے۔ یہ بیٹا کیروٹین سے بھی بھرپور ہوتی ہے، جو جسم میں پہنچ کر وٹامن اے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
گاجر کے قیمتی فوائد
رسیلی گاجریں جسمانی اوردماغی طاقت کے لئے بہت مفید ہیں۔ اس کے فوائد بےشمار ہیں لیکن خاص طور پر اسے خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے، وزن کم کرنے، کینسر کے خطرے کو کم کرنےاور آنکھوں کی صحت یعنی اچھی بصارت کے لئے بہترین مانا گیا ہے۔
بینائی میں اضافے میں مددگار
یہ بصارت میں اضافے کے لئے مؤثر سبزی ہے ۔ کیوںکہ اس میں بیٹا کیروٹین وافر مقدارمیں شامل ہوتا ہے جو جسم میں پہنچ کروٹامن اے میں تبدیل ہوجاتا ہے ۔ اور وٹامن اے آنکھوں کی روشنی میں اضافے اوروہ افراد جو رات میں اندھے پن کا شکار ہوں، ان کے لئے بہت مفید ہے ۔ یہ بڑھتی عمر میں میکولر انحطاط کے خطرے کو بھی کم کرسکتی ہے۔ خاص طور پر کچی گاجر بینائی میں اضافے کا سبب مانی جاتی ہے۔
وزن کم کرنے میں مدد گار
گاجریں کم کیلوریز والی غذا ہیں اور دیر ہضم ہوتی ہیں۔ لیکن یہ غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ان کوکھانے کے بعد پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اس لئے یہ وزن کم کرنے میں بہت معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ کچی گاجر کو بطور سلاد کھانا یا اس کا جوس پینے سے وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
خون میں کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں مددگار
یہ خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں اور امراض قلب سے محفوظ رکھتی ہے کیوں کہ کولیسٹرول کی زیادتی دل کے امراض کا سبب بنتی ہے۔
طاقت و توانائی کا ذریعہ
یہ جسم کوطاقت وتوانائی پہنچانے کا اچھا ذریعہ ہیں۔ یہ جسم کی کمزوری کو دور کرتی ہے اور جسم کو توانائی مہیا کرتی ہے۔
قوت مدافعت بڑھانے میں مدد گار
گاجر کے جہاں متعدد صحت بخش فوائد ہیں ۔ وہیں اس کا یہ فائدہ بھی ہے کہ اس کے اینٹی آکسیڈنٹس اجذاء مدافعاتی نظام کومضبوط کرتے ہیں۔ گاجر کا باقاعدگی سے استعمال کرنے سے مدافعاتی نظام کو مظبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔
کینسر کی روک تھام میں مدد گار
گاجر کے غذائی اجذاء میں اینٹی آکسیڈینٹ اجذاء بھی شامل ہوتے ہیں جو کچھ اقسام کے کینسر جیسےچھاتی کا کینسر، پھیپھڑوں کا کینسر، بڑی آنت اورہیٹ کا کینسر وغیرہ کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔ کیوں کہ یہ کینسر کے خلیات کو تباہ کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد گار
ہائی بلڈ پریشر میں بھی گاجر بہت مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اس لئے کہ اس کے غذائی اجذاء میں پوٹاشیم بھی شامل ہوتا ہے۔ جو دوران خون کو بہتر بنانے میں بھی مدد دیتا ہے، اور بلڈ پریشر کی سطح کو نارمل رکھتا ہے۔
بڑھتی عمرکے اثرات میں کمی
اس میں شامل بیٹا کیروٹین اور اینٹی آکسیڈنٹ اجذاء سے عمر کو بڑھنے والے عوامل جیسے فری ریٹیکلز کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہےاور یہ خلیوں کے نقصان کوپورا کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
گاجر کے متفرق فوائد
اس میں شامل فائبر قبض کو دور کرتا ہے اور آنتوں کی حرکت کے لئے بھی مفید ہے۔ یہ قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتی ہے اور نظامِ ہاضمہ کو بھی درست کرتی ہے۔ میٹابولزم میں اضافہ کرتی ہے۔ ہڈیوں کو مضبوط کرتی ہے۔ اس میں شامل پوٹاشیم جذ بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مدافعاتی افعال کوبہتربناتی ہے۔
مختلف بیماریوں سے حفاظت
اسمیں شامل نباتاتی مرکبات بہت سی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں جیسے امراض قلب، کینسر، تناؤ اور جسمانی کمزوری وغیرہ ۔ گاجر جگر کے سدے کھولتی ہے۔ اسے کھانے سے پیشاپ بھی کھل کر آتاہے۔ مثانہ اورگردوں کی پتھری میں بھی مفید ہے۔ گاجر جسم میں خون کی مقدار میں اضافہ کرتی ہے۔ اورجسمانی طاقت میں بھی اضافہ کرتی ہے ۔ یہ چہرے کے حسن میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ جلد کوترو تازگی بخشتی ہے۔ جگر کی گرمی کو دور کرتی ہے۔ پیٹ کےکیڑوں کے خاتمے کے لئے بھی گاجر کی سبزی مفید ہے۔ گاجر طبیعت میں فرحت و تازگی پیدا کرتی ہے۔ دماغی پریشانی بھی دور کرتی ہے۔