جگر انسانی جسم کا ایک نہایت اہم عضو ہے جو زندگی کے کئی بنیادی افعال سرانجام دیتا ہے۔ یہ نہ صرف خوراک کے ہضم، توانائی کی تیاری، زہریلے مادّوں کے اخراج، اور خون کی صفائی میں کردار ادا کرتا ہے بلکہ مدافعتی نظام، ہارمونل توازن، اور غذائی اجزا کے ذخیرے میں بھی مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ جدید طب میں جگر کو ایک ’حیاتیاتی فیکٹری ‘سمجھا جاتا ہے، جبکہ یونانی طب میں اسے جسم کی حرارت، غذائیت، اخلاط کی تشکیل، اور جسمانی توازن کا بنیادی مرکز قرار دیا جاتا ہے۔ طبِ یونانی میں جگر (کبد) کو جسم کے تین سب سے اہم اعضاء ، اعضائے رئیسہ (دل، دماغ اور جگر) میں شمار کیا جاتا ہے۔
جگر کی اہمیت اس بات سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ اس کی خرابی پورے جسم پر اثر ڈالتی ہے۔ تھکن، بھوک میں کمی، یرقان، پیٹ میں پانی، خون بہنے کی زیادتی، ذہنی غنودگی، اور شدید کمزوری جیسے مسائل اکثر جگر کی بیماریوں سے وابستہ ہوتے ہیں۔ اس لیے جگر کو انسانی صحت کا بنیادی ستون کہنا بالکل درست ہے۔
جگر انسانی جسم کا سب سے بڑا اندرونی عضو ہے اور اس کے بے شمار افعال ہیں، ایک بالغ انسان میں اس کا وزن تقریباً 1.2 سے 1.5 کلوگرام ہوتا ہے۔ یہ پیٹ کے دائیں اوپری حصے پسلیوں کے پیچھے، ڈائیافرام (انسانی جسم کا وہ اہم گنبد نما پٹھا ہے جو سینے کو پیٹ سے الگ کرتا ہے)کے بالکل نیچے واقع ہوتا ہے۔ جگر صفرا بناتا ہے جو چکنائی کے ہضم میں مدد دیتی ہے، خون میں موجود غذائی اجزا کو پروسیس کرتا ہے، گلوکوز کو ذخیرہ کر کے ضرورت پڑنے پر جاری کرتا ہے، اور جسم میں موجود نقصان دہ مادّوں کو توڑ کر خارج ہونے کے قابل بناتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جگر کو جسم کا “فلٹر” بھی کہا جاتا ہے۔
جگر کی ایک اہم ذمہ داری پروٹین کی تیاری ہے۔ یہ البومن اور خون کے جمنے والے عوامل بناتا ہے جو خون کی روانی اور زخم بھرنے کے لیے ضروری ہیں۔ اس کے علاوہ جگر آئرن، وٹامن اے، وٹامن ای، وٹامن ڈی اور وٹامن کے، کے ساتھ ساتھ معدنیات جیسے آئرن اور کوپر کو بھی ذخیرہ کرتا ہے۔ اگر جگر یہ کام درست طور پر نہ کرے تو جسمانی نظام آہستہ آہستہ کمزور پڑ جاتا ہے۔
میٹابولزم کے اعتبار سے بھی جگر نہایت اہم ہے۔ یہ جسم میں توانائی کی فراہمی، چربی کے استعمال، اور شکر کے توازن کو برقرار رکھتا ہے۔ کھانے کے بعد جب خون میں گلوکوز بڑھتا ہے تو جگر اسے ’ گلائی کوجین‘ کی صورت میں ذخیرہ کر لیتا ہے، اور جب جسم کو توانائی درکار ہو تو یہی ذخیرہ شدہ گلوکوز دوبارہ جاری کر دیتا ہے۔ اس طرح جگر انسانی جسم کی توانائی کا متوازن نظام قائم رکھتا ہے۔ جدید میڈیکل سائنس کے مطابق جگر جسم کا مرکزی میٹابولک پروسیسنگ یونٹ ہے جو بیک وقت 500 سے زائد کیمیائی افعال انجام دیتا ہے۔ جسم میں داخل ہونے والی ہر غذا اور دوا جگر کی منظوری کے بعد ہی استعمال کے قابل بنتی ہے۔
جگر کی چار قوتیں
یونانی طب میں جگر کے افعال کو سمجھنے کے لیے چار بنیادی قوتوں کا ذکر کیا جاتا ہے۔ یہ چاروں قوتیں جگر کے ہاضماتی، غذائی، حفاظتی، اور اخراجی کردار کو واضح کرتی ہیں۔
قوتِ جاذبہ
قوتِ جاذبہ جگر کی وہ قوت ہے جو ہضم شدہ غذا کے مفید اجزا کو اپنی طرف کھینچتی ہے۔ جب معدے اور آنتوں میں غذا ابتدائی ہاضمے سے گزر چکی ہوتی ہے تو اس کا باریک اور کارآمد حصہ جگر کی طرف منتقل ہوتا ہے۔ یہی قوت ان مفید اجزا کو جگر میں جذب کرانے کا کام کرتی ہے۔اس قوت کا تعلق جسم کی غذائیت اور قوتِ حیات سے ہے۔ اگر قوتِ جاذبہ کمزور ہو جائے تو جگر غذا کے مفید اجزا کو پوری طرح جذب نہیں کر پاتا، جس کے نتیجے میں کمزوری، وزن میں کمی، بھوک کی خرابی، اور عمومی نقاہت پیدا ہو سکتی ہے۔
قوتِ غاذیہ
قوتِ غاذیہ جگر کی وہ قوت ہے جو جذب شدہ مواد کو جسم کے لیے قابلِ استعمال غذائی مادّوں میں تبدیل کرتی ہے۔ یہ جگر کے “غذائی” یا “تغذیہ” سے متعلق عمل کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس قوت کے ذریعے غذا کو ایسی شکل دی جاتی ہے جس سے خون، اخلاط، اور جسمانی بافتیں بن سکیں۔
قوتِ ماسکہ
قوتِ ماسکہ جگر کی وہ قوت ہے جو مفید مادّوں کو مناسب وقت تک روکے رکھتی ہے تاکہ وہ مکمل طور پر ہضم اور تبدیل ہو سکیں۔ یہ قوت جگر میں غذائی مادّوں کے نظم و ضبط کو برقرار رکھتی ہے اور ان کے ضیاع کو روکتی ہے۔اس قوت کو داخلی ترتیب اور توازن کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اگر قوتِ ماسکہ کمزور ہو جائے تو جگر مفید مادّوں کو ٹھیک طرح سنبھال نہیں پاتا، جس سے غذائیت کا ضیاع اور اخلاط میں بگاڑ پیدا ہو سکتا ہے۔
قوتِ دافعہ
قوتِ دافعہ جگر کی وہ قوت ہے جو غیر ضروری، فاسد، یا زائد مادّوں کو جسم سے خارج کرنے کا کام کرتی ہے۔ یہ قوت صفائی، اخراج، اور ڈی ٹاکسیفیکیشن کے عمل سے مشابہ سمجھی جاتی ہے۔ جگر نہ صرف غذا کو قابلِ استعمال بناتا ہے بلکہ نقصان دہ مادّوں کو علیحدہ بھی کرتا ہے۔اگر قوتِ دافعہ متاثر ہو جائے تو فاسد مادّے جسم میں جمع ہونے لگتے ہیں، جس سے جگر کی سستی، یرقان، سوزش، اور دوسرے امراض پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس لیے یہ قوت جسمانی صفائی اور اندرونی توازن کے لیے نہایت اہم سمجھی جاتی ہے۔
قدیم دور میں جگر کی بیماریوں کی تاریخ
جگر کی بیماریوں کی تاریخ انسانی تہذیب جتنی پرانی ہے۔ قدیم مصر، بابل، اسیریا، یونان، اور عربی طب کی تحریروں میں جگر سے متعلق علامات اور بیماریوں کا ذکر ملتا ہے۔ اس زمانے میں بیماریوں کی تشخیص کے لیے خون کے ٹیسٹ، الٹراساؤنڈ، یا بایوپسی موجود نہیں تھی، اس لیے اطبّا علامات کی بنیاد پر اندازہ لگاتے تھے۔
قدیم مصری اور میسوپوٹیمین تہذیبوں میں یرقان، پیٹ پھولنا، اور کمزوری جیسے آثار کو اہم سمجھا جاتا تھا۔ یونانی طبیب بقراط نے جگر کے پھوڑے کا ذکر کیا، جبکہ جالینوس نے جگر کو جسم کا مرکزی عضو قرار دیا۔ بعد میں اریٹیئس کبادکی نے یرقان اور جگر کے امراض کی علامات پر توجہ دی۔ابنِ سینا نے جگر کی بیماریوں کی تشخیص میں پیشاب کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کے مطابق پیشاب کی رنگت، مقدار، اور کیفیت سے جگر کے مزاج اور خرابی کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ یہ مشاہدات جدید تشخیصی اصولوں کی ابتدائی شکل سمجھے جا سکتے ہیں۔
بابلی تہذیب میں جگر کو جسمانی اور روحانی زندگی کا مرکز اور روح کا مسکن سمجھا جاتا تھا۔ وہ قربانی کے جانوروں کے جگر کی ساخت کا معائنہ کر کے پیشگوئیاں کرتے تھے جسے ہیپاٹوسکوپی کہا جاتا تھا۔ قدیم مصری تہذیب میں حنوط سازی کے عمل میں مصری جگر کو جسم سے نکال کر دیوتا سے منسوب ایک خاص مرتبان میں محفوظ کرتے تھے، کیونکہ ان کے عقیدے کے مطابق مرنے کے بعد کی زندگی میں جگر کی ضرورت پڑنی تھی۔ بقراط نے پہلی بار جگر کے امراض کو مذہبی اور اوہام پرستی کے بجائے سائنسی بنیادوں پر دیکھا۔ اس نے جگر کے ورم، یرقان اور پیٹ میں پانی بھرنے کا تذکرہ کیا۔ جالینوس کا نظریہ تھا کہ معدے کا ہضم شدہ کھانا جگر میں جا کر خونی وریدوں میں تبدیل ہوتا ہے اور جگر خون کو طبعی روح فراہم کرتا ہے۔ جالینوس کی تشریح نے تقریباً 1400 سال تک مغرب اور مشرق کے طبی علوم پر حکمرانی کی۔
آٹھویں سے چودہویں صدی کے دوران مسلمان اطباء نے جگر کی تشریح اور امراض کے علاج میں زبردست پیش رفت کی:
الرازی (925-865 صدی عیسوی): اپنی کتاب الحاوی فی الطب میں الرازی نے جگر کے پھوڑے ، پتے کی پتھری، اور جگر کے ورم کے درمیان تفصیلی فرق بیان کیا۔ اپنی کتاب الحاوی میں قدیم یونانی (بقراط، جالینوس) اور طبی متون کے اقتباسات کے ساتھ ساتھ ان کے اپنے کلینیکل تجربات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ پیٹ میں پانی بھرنے کے مرض پر الرازی کی تحریریں انتہائی تفصیل پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب جگر کی پروسیسنگ طاقت ختم ہو جاتی ہے، تو سیال مادے (رطوبات) پیٹ کی جھلی میں جمع ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ الرازی نے جگر کے امراض میں سخت ادویات دینے کے بجائے ہلکی اور دیرپا غذاؤں (مثلاً ماء الشعیر / جو کا پانی) سے علاج پر زور دیا۔
ابنِ سینا (980-1037 صدی عیسوی): ابنِ سینا نے جگر کو "قوتِ طبیعیہ کا حاکم” قرار دیا۔القانون فی الطب میں ابنِ سینا نے جگر کی ساخت، سوئے مزاج، یرقان کی مختلف اقسام اور جگر کو نقصان پہنچانے والی ادویات پر تفصیلی بحث کی۔ انہوں نے جگر کی بیماریوں کے لیے تلخ بوٹیوں اور مناسب غذا کے اصول وضع کیے۔ انہوں نے لکھا کہ معدے سے آنے والا کائلوس جگر کی پورٹل رگوں میں داخل ہو کر کائموس ور اخلاط میں تبدیل ہوتا ہے ۔ انہوں نے جگر کی مزاجی تبدیلیوں کو 8 اقسام میں تقسیم کیا (مثلاً سوئے مزاج حار، بارد، رطب، اور یابس) اور ہر ایک کے لیے الگ غذائی و دوائی علاج تجویز کیا۔
طبِ یونانی کے لٹریچر میں امراضِ کبد کے لیے مفرد ادویات کے ساتھ ساتھ مرکب ادویات کے نسخہ جات محفوظ ہیں۔ یونانی طب میں کاسنی کے عرق کو جگر کے لیے "مفتحِ سدد” (سدے کھولنے والی) اور "مبرد” (ٹھنڈک پہنچانے والی) دوا لکھا گیا ہے۔ یہ جگر کے ورم اور یرقان کے علاج کی بنیادی دوا ہے۔ ابنِ سینا اور بعد کے حکماء کا تیار کردہ معجون ، معجون دبیدالورد یہ معروف معجون جگر کی سستی، ورم اور سوئے مزاجِ بارد کے لیے لکھا جاتا ہے۔ اس کا بنیادی جزو گلِ سرخ ہے، جس کے ساتھ زعفران، دارچینی اورکاسنی کا استعمال کیا جاتا ہے جو جگر کے خلیات کی حفاظت کرتے ہیں۔ عرق مکوہ کو یونانی لٹریچر میں "محللِ اورام” (سوجن کو تحلیل کرنے والی) دوا قرار دیا گیا ہے۔ یہ جگر، طحال (تلی) اور پتے کی سوجن کو دور کرنے کے لیے بطور خاص استعمال ہوتی ہے۔ شربت دینار یہ شربت جگر کی رکاوٹیں (سدے) کھولنے، صفرا کے بہاؤ کو درست کرنے اور یرقان کو ختم کرنے کے لیے کلاسیکی یونانی نسخہ جات میں شامل ہے۔
جگر انسانی جسم کا ایک ناگزیر عضو ہے جو خون کو بنانے، خون کو صاف کرنے، اور نظامِ انہضام کو بہتر بنانے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ طبِ یونانی نے اسے حرارتِ غریزی، اخلاط، اور غذائی توازن کا مرکز قرار دیا، اور اس کی چار قوتوں کے ذریعے اس کے افعال کی جامع تشریح پیش کی ۔ یونانی طب کا تاریخی اور ادبی پس منظر قدیم یونان سے شروع ہو کر اسلامی سنہری دور، برصغیر، اور جدید تحقیق تک پھیلا ہوا ہے ۔ جگر کی بیماریوں کی تاریخ بھی یہی بتاتی ہے کہ قدیم مشاہدے سے جدید علم تک انسان نے مسلسل سیکھا، سمجھا، اور علاج کو بہتر بنایا۔ آج بھی جگر کی صحت، دراصل، مجموعی انسانی صحت کی بنیاد ہے۔
تحریر: حکیم اجمل خان






