ایلوویرا (گھیکوار) دنیا بھر میں مشہور ایک سدا بہار پودا ہے۔ جو ایک قدرتی جڑی بوٹی کے طور پر بھی جانا جاتا ہے ۔ طب کی دنیا میں ایلو ویرا کا صدیوں سے طبی استعمال ہوتا رہا ہے۔ لیکن جدید تحقیقات سے عصر حاضر میں اس کو بہت مقبولیت حاصل ہوگئی ہے اوراب ہر خاص و عام کی اکثریت اس کی افادیت اور کرشمات سے آگاہ ہے۔ خاص طور پر بیوٹی پروڈکٹس یعنی کاسمیٹکس مصنوعات بنانے والی کمپنیوں اور خواتین میں یہ خوبصورتی برقرار رکھنے کے حوالے سے کافی مشہور معروف ہو چکا ہے۔ اور اس کا استعمال اب مختلف میڈیسنز اور ڈرما ٹو لوجی میں بھی مختلف مقاصد کے لئے ہو رہا ہے ۔
تعارف
انگریزی میں اس پودے کو ایلو ویرا کہتے ہیں جو اسی نام سے اب زیادہ مقبول بھی ہے لیکن دوسری زبانوں میں بھی اس کے مختلف نام ہیں۔ اردو میں اسے گھیکوار، پنجابی میں کنوار گندل، سندھی میں کنوار بوٹی، گجراتی میں کنوار اورسنسکرت میں گھرت کماری کہا جاتا ہے۔اس کا مزاج گرم خشک درجہ دوم ہے۔
اجزاء
ایک تحقیق کے مطابق ایلو ویرا تقریبا پچھتر فعال اجزاء پر مشتمل ہوتا ہےجیسے : وٹامنز،انزائمز ، معدنیات ، شکر ، لگنن ، سیپوننز ، سیلیلیسیل ایسڈز اور امینو ایسڈز۔
مثلا وٹامنز میں وٹامن اے (بیٹا کیروٹین) ، بی 12 ، سی اور ای شامل ہیں ، جو اینٹی آکسیڈینٹ ہیں-
اسی طرح معدنیات میں یہ کیلشیم ، میگنیشیم ، پوٹاشیم ، کرومیم ، تانبے ، سیلینیم ، مینگنیج ، سوڈیم اور زنک مہیا کرتا ہے۔ مختصرا یہ کہ یہ ایسے قیمتی اجزاء ف لک ایسڈ اور منرلزپر مشتمل ہوتا ہے جو اینٹی آکسائیڈنٹس اور جراثیم کش خصوصیات کے حامل ہیں اورہماری صحت کے لیےانتہائی مفید اور ضروری ہیں اور ان کی کمی سے مختلف اقسام کے امراض اور مسائل جنم لیتے ہیں ۔
اس پودے کے طبی فوائد بے شمار ہیں اور صدیوں سے حکما ء، اطبا اور معالجین نے اسےمتعدد امراض کے علاج میں بطور نسخہ شامل رکھا ہے ۔ مثلا دل کے امراض، بالوں کی بیماریوں اور نگہداشت ، خارش کے علاج ، پٹھوں کی تکلیف ،معدے کے امراض ، جوڑوں کا درد ، دانت کا درداور حسن و خوبصورتی میں اضافے وغیرہ کے لئے۔
ایلوویرا اور خوبصورتی
ایلوویرا کی افادیت سے انکار ناممکن ہے۔ مختلف امراض کے علاج کے لیے اسکی خا صیت اکسیر کی ہے ۔ لیکن ہم یہاں ایلوویرا سے حسن و خوبصورتی میں اضافے کے حوالے سے بات کریں گے۔ ایلوویرا ایسے اجزاء پر مشتمل ہے جوچہرے، جلد اور بالوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے ۔اور ان میں پیدا ہونے والے مسائل سے چھٹکارا دیتا ہے۔ صدیوں سے معالجین نے اسے انسانی جلد اور بالوں کے علاج اور حسن و خوبصورتی میں اضافے کے لئے بھی اپنے طریقہ علاج میں شامل رکھا ہے۔ اور موجودہ زمانے میں بھی اس پرنئی نئی تحقیقات سامنے آرہی ہیں۔
اب ہم یہاں بات کریں گے کہ کسطرح ایلو ویرا جسمانی خوبصورتی میں اضافے کا باعث ہے ۔
مثلا : سورج کی تمازت سے جلد کو محفوظ رکھنے کے لئے ایلو ویرا کا رس( جیل ) بطوربہترین سن بلاک‘ یا ’ سَن اسکرین کا کام انجام دیتا ہے۔
گھر سے با ہر نکلنے سے پہلے سورج کی تپش اور جلد کو جھلسنے سے بچانے کے لئے اگر ایلو ویرا جیل گلاب کے عرق کے ساتھ لوشن کی طرح چہرے ، ہاتھوں اور پیروں پر لگا لیا جائے تو جلد سورج کی تمازت سے محفوظ رہتی ہے۔
ظاہری حسن خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور اس میں اضافہ کے لئے ایلوویرا بہت مفید ہے۔ اس کا رس یعنی جیل چہر ےکی جھریوں کو روکنے ، کم کرنے ، اور اور بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے کے لئے بہت مؤثر ہے اس سے جلد میں نکھار پیدا ہوتا ہے جلد چمکدار اور تروتازہ ہو جاتی ہے۔ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق دو یا تین ماہ تک ایلوویرا کا رس پینے سے چہرے کی جھریاں ختم ہو جاتی ہیں ۔
چہرے کی رنگت نکھارنے کے لیے ایلوویرا یعنی گھیکوار کے رس میں چاول کا آٹا اورروغن بادام ملا کرنرم ہا تھوں سے مساج کریں اور آدھے گھنٹے بعد چہرہ دھو لیں ہفتے میں دو بار ایسا کرنے سے جلد چمکدار، صاف شفاف اور خوبصورت. ہوجاتی ہے۔
اگر کسی وجہ سے ہاتھ پیروں کی جلد سخت ہو گئی ہو یا گٹے پڑ گئے ہوں توایلوویرا کا جیل روزانہ متاثرہ جگہ پر لگانے سے انشاء اللہ افاقہ ہوگا ۔
ایلوویرا کا جیل کیل ،مہاسوں چھائیوں اور چہرے کے داغ دھبے دور کرنے کا بھی بہترین علاج ہے . چہرے کے کیل مہاسوں پر روزانہ اس کا جیل لگانے سے کیل، مہاسے ختم ہو جاتے ہیں چھائیاں دور ہوجاتی ہیں. اور جلد چمکدار اور صاف و شفاف ہو جاتی ہےاور چہرہ خوبصورت ہو جاتا ہے۔
اسی طرح بالوں کی نگہداشت اور خوبصورتی کے لیے بھی ایلو ویرا جیل بہت مفید ہے۔
سر کی خشکی یا سکری یعنی بفہ کے علاج کیلئے ایلو ویرا کا رس (جیل) بالوں کی جڑوں میں مالش کرنے سے خشکی کا خاتمہ ہو جاتا ہے اور بالوں میں جان آجاتی ہے۔
ایلو ویرا کا استعمال گرتے ہوئے بالوں کا علاج بھی ہے ۔ نہانے سے چند منٹ تقریبا دس سے پندہ منٹ پہلے اس کا جیل بالوں میں لگا لیں اور پھر سر دھو لیں اس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ، بال نرم اور صحت مند ہو جائیں گے ۔
چونکہ ایلو ویرا جیل میں وٹامن ای کا جذ بھی موجود ہوتا ہےاس لئے آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کو دور کرنے کے لئے سونے سے پہلے صرف اس کا جیل یا روز واٹر کے ساتھ مکس کر کے اس کا جیل لگانے سے سیاہ حلقے کم ہونے لگتے ہیں۔
چہرے کی خشک جلد کو نرم کرنے کے لیے ایلو ویرا جیل ایک چپچہ اور کھیرے کے چند ٹکڑے پیس کرمکس کریں اور یہ پیسٹ چہرے پر لگائیں۔ پندرہ منٹ کے بعد چہرہ دھو لیں۔اس سے چہرہ نرم اور چمکدار ہو جائے گا۔
وزن کا بڑھنا بھی ایک بیماری ہے اور خوبصورتی میں کمی کا سبب بھی جسمانی وزن کم کرنے کے لیے ایلویرا کا خالص رس یا مختلف سبزیوں کے ساتھ ملا کر کئی طریقوں سے پیا جاتا ہے۔ یا اس کا گودا کھایا بھی جا سکتا ہےکیونکہ اس کا گودا جسم سے فا ضل چربی تحلیل کر دیتا ہے ۔
غرض جِلد اور بالوں کی خوبصورتی بڑھانےکے لئے ایلوویرا بہترین اور نہایت مفید قدرتی جڑی بوٹی ہے ۔
جسمانی حسن خوبصورتی میں اضافے کے لئے ایلوویرا (گھیکوار) کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا یہ ایک قدرتی بیش بہا خزانہ ہے۔
مضمون نگار: فرح فاطمہ