مختلف نام:مشہور نام ہرن کھری یـپنجابی ویڑھی۔اس کے علاوہ دودھی پشیا،ڈانگری اور کڑاڑی بھی کہتے ہیں۔
شناخت :عام طور پر ہر موسم میں مل جاتی ہے۔ اکثر گندم کے کھیتوں میں ملتی ہے اور گیہوں کے پودوں پر لپٹی ہوئی چڑھ جاتی ہے ۔پتے تکونے ہرن کے کھر کی طرح ہوتے ہیں۔ اس لئے اسے ہرن کھری کہتے ہیں،پھول عشق پیچاں کے پھول کی طرح مگر اس سے چھوٹے ۔کوئی بو نہیں پائی جاتی،جب پھول گر جاتے ہیں تو وہاں ایک ڈوڈی لگتی ہے جس میں باریک بیج ہوتے ہیں۔اس کے پتے یا پھول چبانے سے منہ میں قدرے خراش معلوم ہوتی ہے اور پھر رال بہنے لگتی ہے۔جب اسے کوٹ کر جسم کے کسی حصہ پر لیپ کریں تو وہ جگہ سرخ ہو جاتی ہے
کھانسی و نزلہ:ہرن کھری ڈیڑھ ماشہ،ملیٹھی چھلی ہوئی ڈیڑھ ماشہ،گاؤزبان،گل بنفشہ ہر ایک اڑھائی ماشہ،جوشاندہ بنا کر صاف کر کے چینی ملا کر پلائیں ۔نزلہ و کھانسی کے لئے مفید ہے۔
بندش ایام:ہرن کھری دو ماشہ ،ابہل چھ ماشہ،چھلکا املتاس9ماشہ،جوش دے کر صاف کریں اور اڑھائی تولہ چینی ملا کر پلائیں بندش ایام کے لئے نہایت مفید ہے۔
دائمی قبض:چار تولہ ہرن کھری خشک کر کے سفوف بنا لیں اور ایک تولہ گڑ ملا کر گولیاں چھوٹے بیر کے برابر بنا لیں۔ایک سے دو گولی ہمراہ نیم گرم دودھ یا گرم پانی سے دیں۔کھانا کھانے سے دو گھنٹہ بعد استعمال کریں۔دائمی قبض کے لئے مفید ہے۔
بواسیر خونی:ہرن کھری چھ ماشہ،مرچ سیاہ سات عدد ۔ان کا دس تولہ پانی میں شیرہ نکال کر پلائیں۔یہ نسخہ موسم گرما میں خاص طور پر مفید ہے۔ایک ہفتہ کے استعمال سے خونی بواسیر دور ہو جاتی ہے۔دوران استعمال دودھ زیادہ لیں۔غذا میں صرف چاول استعمال کریں۔ہر روز چار دست آکر مرض دور ہو جاتا ہے۔
کمزورئ نظر:ہرن کھری کے تازہ رس میں ململ کا صاف کپڑا تر و خشک کریں۔پھر فتیلہ بنا کر چراغ میں چنبیلی کا تیل ڈال کر کاجل اتاریں۔
فوائد:یہ کاجل آنکھوں میں لگانے سے کمزوری نظر دور ہو جاتی ہے اور بہت دور تک نگاہ جاتی ہے۔
کھانسی و دمہ:ہرن کھری کو جلا کر خاکستر کو پانی میں تر کریں اور صاف کر کے پکائیں۔نمک تیار ہو گا۔
فوائد:کھانسی اور دمہ کے لئے مفید ہے۔بندش پیشاب و ایام کے لئے بھی مفید ہے۔
خوراک ایک رتی سے دو رتی تک۔
ہرن کھری کا کشتہ جات میں استعمال
کشتہ چاندی: برادہ چاندی شدھ ایک تولہ تازہ ہرن کھری کے آدھ پاؤ رس میں کھرل کر کے ٹکیہ بنائیں۔جب خشک ہو جائے تو اس بوٹی کے نغدہ میں کپڑوٹی کر کے پندرہ سیر اپلوں کی آگ دیں۔پھر اس کو آدھ پاؤ رس بوٹی مذکور میں کھرل کر کے ٹکیہ بنائیں اور دو سکوروں میں بند کر کے دو سیر اپلوں کی آگ دیں،نہایت عمدہ کشتہ تیار ہو گا۔
کشتہ ہڑتال ورقیہ:ہرن کھری سفید پھول والی کا تازہ رس بیس تولہ لے کر اس میں ایک تولہ ہڑتال ورقیہ شدھ کو کھرل کر کے ٹکیاں بنا لیں۔ جب خشک ہو جائے تو ہرن کھری کے بیس تولہ نغدہ میں تین بار گل حکمت کر کے خشک کریں اور پانچ سیر اپلوں کی آگ دیں،سرد ہونے پر ہڑتال شگفتہ ہو گی۔
فوائد:نہایت عمدہ مصفئ خون ہے۔زہریلے زخموں کے لئے ازحد مفید ہے۔
خوراک :آدھا چاول ہمراہ مکھن دیں۔
نوٹ:استعمال سے پہلے تسلی کر لیں کہ ہڑتال کشتہ ہوگی ہو اور خام نہ ہو۔(ہری چند ملتانی)
جڑی بوٹیوں کاانسائیکلو پیڈیا
از: حکیم وڈاکٹرہری چند ملتانی
ہرن کھری
دیگرنام:پنجابی میں لیلی بوٹی ،سندھی میں لیلابوٹی۔
ماہیت: ایک چھوٹی بیل دار بوٹی ہے۔جو عموماًربیع میں پیدا ہوتی ہے اور گہیوں کے کھیتوں میں بکثرت ہوتی ہے۔اور انہی آس پاس کی چیزوں پر لپٹ جاتی ہے۔شاخیں دھاگے کی مانند باریک ہوتی ہیں ۔اس کے توڑنے پر سفید دودھ کا قطر نکلتاہے۔اس کے پتے مثلث نوک دار مشابہ سم آہو(ہرن کھری) کے مانند اور پھول کٹوری نما سفید مائل بہ گلابی ہوتے ہیں ۔اس کے ہر ایک جز کا مزہ تلخ ہوتاہے۔
مقام پیدائش: یہ ہندوستان اور پاکستان کے اکژ علاقوں میں ہوتی ہے۔
افعال: مصفیٰ خون ،محلل و منضج اورام۔
مزاج : گرم و خشک۔
استعمال : ہرن کھری کو تصفیہ خون کی غرض سے چند دانے مرچ سیاہ کے ساتھ گھوٹ کر یا اس کا خیساندہ یا آب زلال لے کر خارش ‘جذام ‘آتشک اور فساد خون میں پلاتے ہیں بعض اطباء اسے سوزاک میں بھی استعمال کرتے ہیں ۔
بیرونی طور پر اس کا ضماد محلل اورام ہے یا اس کے متواتر ضماد کرنے سے پختہ ہوکر منفجر پھٹ جاتاہوجاتاہے۔
مقدارخوراک:ایک تولہ (دس گرام)
تاج المفردات
(تحقیقاتِ)
خواص الادویہ
ڈاکٹروحکیم نصیر احمد طارق