مختلف نام:ہندی کالا دانہ –سنسکرت کرشن بیج ،شیام بیج- فارسی عشق پیچاں-عربی حب النیل-مرہٹی کالا دانہ – بنگالی نیل کلمی- مراٹھی نیل-گجراتی کالی کُنپی،کالا دانہ-لاطینی میں آئی پومیانل(Inpomoneail)اور انگریزی میں کالا دانہ (Kala Dana)اور انڈیا میں جیلپ(Indian Jalap)کہتے ہیں۔
شناخت:یہ بوٹی عام طور ٌپر باغ اور جنگلوں میں بھی پائی جاتی ہے۔ اس کی بیل کو پھلی لگتی ہے جس میں تین عدد تکونیا شکل کے کالے بیج ہوتے ہیں۔ اس کی بیل پتلی لمبی ،ہری ہو تی ہے ۔ پتے کپاس کے پودے کے پتوں کی طرح ہوتے ہیں۔ پھول گلابی رنگت لئے ہوئے نیلے عام طور پر ایک سے پانچ کی تعداد میں ایک ساتھ لگے رہتے ہیں۔پھل ملائم نوک دار اور گول ہوتے ہیں۔ موسم سرما میں پھلوں کے پکنے پر یہ بیج اپنےآپ گر جاتے ہیں۔ ان ہی بیجوں کو کالا دانہ کہتے ہیں۔ رنگ باہر سے سیاہ ،مغز سفید،ذائقہ پہلے میٹھا بعد میں محسوس ہوتا ہے۔ اس کی دو قسمیں ہوتی ہیں لیکن دونوں کے فوائد برابر ہوتے ہیں۔
ہم حیران ہیں کہ طب یونانی کے ہرگرنتھ میں کالا دانہ کی معلومات درج ذیل ہیں لیکن آیوردید کے کسی گرنتھ میں اس کا ذکر نہیں ملتا ہے۔(حکیم ڈاکٹر ہری چند ملتانی)
ماڈرن تحقیقات: اس میں فاربی ٹیسن نام کا زرد اثر جو ہر 8فیصد ہوتا ہے جو فوائد میں جلایہ کی طرح ہو تا ہے اور ایک گاڑھا تیل 14.4فیصدی کچھ پچھل اجزاء گلو کو سائیڈ، البیومن اور ٹینن ہوتے ہیں۔
مزاج :گرم وخشک تیسرے درجہ میں۔
مقدار خوراک:ایک گرام سے دو گرام تک۔
فوائد:اس کو گلاب کے پھول یا ہر ڑ زرد کے ساتھ جوڑوں کے درد ۔ ریاحی امراض کے لئے استعما ل کراتے ہیں۔پیٹ کیڑے دور کرنے کے لئے بھی دیا جاتا ہے۔خون صاف ہوتا ہے ۔زبر دست قبض کشا ہے ۔ اس کا استعمال پیٹ کے امراض ،جلودھر،پیشاب کی رکاوٹ ایام کے دردوںمیں کرنا مفید ریتا ہے۔اسے گرم ریت میں گرم کر کے صاف کر کے سفوف بنا کر برابر چینی ملا کر دیتے ہیں۔ پیٹ میں مروڑ پیدا نہ کرے۔ اس کے لئےروغن بادام ،گل قند، گھی میں بھونی ہوئی پیلی ہر ڑ اور سونٹھ ملا کر دیتے ہیں۔دل وجگر وبہت کمزور مریضوں کو اس کا استعمال نہ کروئیں۔
کالا دانہ (عشق پیچاں)کے مفید وآسان مجربات
قبض:کالا دانہ کے بیج (بھونے ہوئے)25 گرام ،سیندھا نمک25گرام ،سونٹھ 2/1 ،2گرام۔ سب کو باریک پیس سفوف بنا لیں۔خوراک2سے 3 گرام نیم گرم پانی سے رات کو دیں۔
دیگر:کلا دانہ کے بیج ،روغن بادام میں بھون کر سفوف بنالیں اور 1,1/2گرام کی مقدار میں 2/1 گرام سفوف سونٹھ ملا کر اسے نیم گرم پانی سے دیں۔ اگر زیادہ دست ہوں تو ٹھنڈے پانی میں گوند کتیرا ملا کر پلائیں اور دہی و دھوئے مونگ کی دال کی کھچڑی دیں۔
گنٹھیا:سرسوں 300گرام میں20گرام کالا دانہ کے بیج پیس کر ملالیں اور دھیمی آگ پر رکھیں۔ جب بیج تیل میں جل جائے تو تیل چھان لیں اور نیم گرم جوڑوں پر مالش کریں۔ بادی چیزوں سے پرہیز کرائیں۔
قبض:کالا دانہ 100گرام بھون کر باریک کر لیں،پھر 500 گرام چینی کی چاشنی میں ملالیں اور تھالی میں بچھا کر روٹی بنا لیں۔ 10 گرام کاٹکڑا کاٹ کر رکھیں۔رات کو سوتے وقت ایک ٹکڑا نیم گرم دودھ سے استعمال کریں۔ صبح کھل کر پاخانہ آئے گا اور قبض کا عارضہ دور ہو جائے گا۔
موسمی بخار:کالا دانہ بھنا ہوا سفوف 5رتی ،کالی مرچ 2رتی۔اتیس سفوف 4رتی۔ سب کو ملالیں۔ یہ خوراک ہے ۔مزاج وعمر کے مطابق ایک سے دو خوراک روزانہ شہد سے نیم گرم پانی سے دیں۔
سر کی جُوئیں:کالا دانہ 15گرام پانی میں بھگو کر رکھیں،6گھنٹہ بعد پانی کو جوش دیں۔پھر پانی کو چھان لیں اور نیم گرم دوسرے سادہ پانی میں ملالیں اور اس سے نہائیں۔ سر کی جوئیں ختم ہو جائے گی اور خارش کو بھی آرام ملے گا۔
جڑی بوٹیوں کاانسائیکلو پیڈیا
از: حکیم وڈاکٹرہری چند ملتانی
کانہ دانہ (تخم عشق پیچہ) حب النیل
انگریزی میں:(Kaladana)
دیگر نام:فارسی میں تخم عشق پیچہ یا تخم کبکو‘ عربی میں حب النیل‘ مرہٹی میں کالا دانہ‘ سنسکرت کرشن بیج‘ کارا ہیرا‘ شیام بیچ‘ بنگلہ میں نیلی کلمی‘ ہندی میں کالا دانہ‘سندھی میں ایونی جوبج‘ اور انگریزی میں کالا دانا کہتے ہیں۔
ماہیت:یہ بیل دار بوٹی ہے جو عشق پیچہ کی طرح آس پاس کے درختوں اور جھاڑیوں پر چڑھ جاتی ہے ۔شاخیں پتلی اور سبزہوتی ہیں۔ پتے دوتین انچ سے پانچ تک تین حصوں میں منقسم ہوتے ہیں اور درمیان کا حصہ برچھی کے پھل کی طرح ہوتا ہے۔ پتوں پر کھرداربھنڈی کے روئیں کی طرح رواں ہوتا ہے۔ پھول سرخی مائل نیلے جو پتوں کے درمیان ہوتے ہیں۔ یہ ایک سے پانچ اکٹھے ہوتے ہیں۔ آگے سے شہنائی کی طرح اور پیچھے سے نیلے ہوتے ہیں۔ غلاف نما ڈوڈی ہوتی ہے۔ جس میں سیاہ رنگ کے تکون نما دو تین تخم ہوتے ہیں۔ ان کو ہی کالا دانہ یا حب النیل کہا جاتا ہے۔
مزاج:گرم خشک۔۔۔۔۔۔ درجہ سوئم
افعال:برونی طور پر جالی جبکہ اندرونی طور پر مثل قوی‘مصفیٰ خون‘ مخروج دیدان آمعاء شکم
استعمال:جالی ہونے کی وجہ سے جلد کے داغ‘ دھبے‘ برص‘ بہق‘جرب کی قسموں میں بطور طلاءمفید ہے۔
جرب کی جملہ اقسام زائل کرنے کے لئے شکر سفید کے ہمراہ سفوف بناکر کھلاتےہیں۔اوجاع مفاصل‘ نقرس‘ استسقاء‘ جیسے سرد بلغمی امراض میں بطور مسہل استعمال کراتے ہیں۔ دیدان شکم(حب القروع) کے قتل و اخراج کے لئے تنہا یا مناسب ادویہ کے ہمراہ کھلاتے ہیں۔
کالا دانہ کے افعال وخواص مثل جلاپا کے ہیں بعض اوقات کالا دانہ کھانے سے متلی اور بےچینی یاد ست آنے لگتے ہیں۔ جسکی اصلاح کے لئے گل سرخ‘ ہلیلہ یا روغن بادام میں کا لادانہ کا سفوف چرب کرکے دیں۔
نفع خاص: مسہل قوی۔ مضر: کرب ومصدع
مصلح: رب میوہ جات و ترشی۔ بدل: تخم سداب۔
کیمیاوی اجزاء:فاریٹ سین ایک جوہر مؤثرہ جو کہ جلاپا کی طرح کام کرتا ہے۔ ایک گاڑھا تیل‘ گلکو سائیڈ ایلبومن اور ٹے نین ہوتی ہے۔
مقدار خوراک:ایک سے تین گرام (ماشے)۔۔۔۔مشہورمرکب: اطریفل دیدان
تاج المفردات
(تحقیقاتِ)
خواص الادویہ
ڈاکٹروحکیم نصیر احمد طارق