موسم سرما کی اپنی ایک خوبصورتی ہوتی ہے۔ لیکن سردیوں کا موسم خشک موسم ہوتاہے، اور اس کے خشک اثرات جلد پر سب سے پہلےنمودار ہونا شروع ہوجاتے ہیں ۔اس لئے موسم سرما میں جلد کی حفاظت کرنا بہت ضروری ہے۔ موسم سرما میں جلد کی حفاظت- اگر موسم سرما میں جلد کا خیال نہ رکھا جائے تو جھریاں پڑ نے کا خدشہ پیدا ہوجاتا ہے ۔سردیوں میں جلد پھٹ جاتی ہے اس میں سےخون بھی نکلنے لگتاہے۔ ٹھنڈی ، خشک ہوا جلد کوخشک کردیتی ہے اور جلد سے قدرتی نمی چھین لیتی ہے۔ یہاں تک کہ زیادہ خشک جلد ، ایکزیما ، چنبل اورفنگس کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ اس لیے موسم سرما میں جلد کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے.
موسم سرما میں ہوا میں نمی کاتناسب کم ہوجاتا ہے، اور جب ہوا میں نمی کم ہوجاتی ہے تو انسان کے جسم کی جلد میں بھی نمی کم ہوجاتی ہےاور جلد خشک ہونے لگتی ہے۔اور بعض جسم کے حصوں کی جلد تو خشک ہو کر پھٹ جاتی ہے اور خون بھی رسنے لگتاہے جیسے ہونٹ اور ایڑیاں اسقدر خشک ہوجاتے ہیں کہ وہ خشک ہو کر پھٹ جاتے ہیں اور خون تک رسنے لگتاہے ۔ اس کے علاوہ چہرہ کی جلد بھی خشک ہو کر پھٹ جاتی ہے۔ ہاتھ ،پاؤں اور سر کی جلد بھی خشک ہو جاتی ہے ۔ اور جسم میں بھی خشکی ہوجاتی ہے۔جس سے جلد میں خشکی، کھردرا پن، سرخی اور خارش بھی پیدا ہوجاتی ہے۔ موسم سرما میں روزمرہ کے معمولات میں جلد کی نگہداشت پر توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس مضمون میں چند ایسی تجاویز پیش کی جارہی ہیں جن پر عمل کر کے آپ موسم سرما میں اپنی جلد کی حفاظت بہترین طریقے سے کرسکتے ہیں۔
جلد کو موئسچرائزر رکھیں
چہرہ ، ہاتھ پاؤں دھونے اور نہانے سے جلد پر سے قدرتی چکنائی یا تیل کم ہوجاتا یا اترجاتا ہے۔ چونکہ یہ قدرتی چکنائی یا تیل جلد میں موجود نمی کو بند کرنے میں مدد کرتا ہے، لہذا چہرہ دھونے، ہاتھ پاؤں دھونے اور نہانے کے بعد خاص طور پر سردیوں میں انھیں موئسچرائز کرنابہت ضروری ہوتا ہے۔
امریکن اکیڈمی آف ڈرماٹولوجی کے مطابق گرم پانی سے شاور لینا یعنی نہانا اگرچہ بہت اچھا طریقہ ہے۔ لیکن گرم پانی سے نہانے سے جلد پر جوقدرتی چکنائی ہوتی ہے وہ بھی زیادہ تیزی سے اتر جاتی ہے جس سے جلد خشک ہوجاتی ہے۔ اس لئے سردیوں میں نہانے یا منہ ہاتھ دھونے کے لئے گرم پانی کے بجائے نیم گرم پانی کا استعال کریں گرم پانی سے نہانے یا منہ ہاتھ دھونے کے چند منٹ بعد جلد کو کسی اچھی موئسچرائزنگ کریم سے موئسچرائز کرلیں تاکہ پانی جلد کے مساموں میں بند ہوجائے اور جلد میں کافی دیر تک نمی باقی رہے۔
اس کے علاوہ ، منہ ہاتھ دھونےاور نہانے کے بعد جلد کو احتیاط سے خشک کریں زور سے رگڑنے کے بجائے ، اپنی جلد کو نرم تولیہ سے تھپتھپا کر خشک کریں تاکہ جلد کا اوپر والا پرت زیادہ دیر تک نمی سے ہائیڈریٹ رہ سکے ۔ سردیوں میں واش بیسن پر موئسچرائزر کی ایک بوتل رکھیں تاکہ منہ ہاتھ دھو کر فوراً ہی انھیں موسچرائز کرلیں اور سفر کے دوران بھی جلد کو موئسچرائزر کرنا نہ بھولیں ۔
جلد کی دیکھ بھال کے لئے اچھی مصنوعات کو منتخب کریں
جلد کی قدرتی نمی کو برقرار رکبنے کے لیے موئسچرائزر والے کلینزرز کا انتخاب کریں۔ گلیسرین والی مصنوعات استعمال کریں ۔ پیٹرولیم جیلی اور اچھی کولڈ کریمز اور لوشن کا استعمال جلد کو خشک ہونے سے محفوظ رکھے گا۔ کسی بھی ایسی مصنوعات سے پرہیز کریں جس میں الکحل شامل ہو کیونکہ موسم سرما میں وہ جلد کو خشک کردیتا ہے ۔
روزانہ سن اسکرین لگائیں
گرم دھوپ سردیوں میں اچھی لگتی ہے۔ اکثرموسم سرما میں دھوپ کی کم شدت کی وجہ سے سنسکرین کا استعمال کم کردیا جاتا ہے۔ لیکن UV شعاعیں جلد کےلئے نقصان دہ ہوتی ہیں۔ سردیوں میں بھی نقصان دہ UV روشنی جلد کی نمی پر اثر انداز ہو سکتی ہے ، جو جلد کی صحت مند رکھنے اور ہائیڈریشن کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ اس لئےاچھے سن اسکرین لوشن کا استعمال کرنا ضروری ہے۔اس لئےہر صبح موئسچرائزر لگانے کے بعد سن اسکرین کا استعمال بھی لازمی کریں ۔
سرد ہواوں سے محفوظ رہیں
سردیوں کی سرد ہوائیں جلد کو خراب کردیتی ہیں ۔ اس لئے سردیوں میں گھر سےباہر جانے سے پہلے اپنی جلد کو ٹھنڈی ہوا یا بارش سے بچانے کے لئے گرم کپڑوں کے ساتھ ساتھ دستانے، موزوں(جرابوں )، مفلراور ٹوپیوں کابھی استعمال کریں۔
رات میں سونے سے پہلے جلد کی نگہداشت کریں
دن کی بہ نسبت رات میں جلد کو خشک ہونے سے روکنے کے لئے موئسچرائزنگ کرنا ایک بہترین طریقہ ہے۔ کیونکہ اس سے موئسچرائزنگ کوجلد میں جذب ہونے کے لیے زیادہ وقت ملتا ہے۔ ہاتھوں یا پیروں پر کولڈ کریم یا پیٹرولیم جیلی لگانے کے بعد پلاسٹک کے تھیلے یا دستانوں اور موزوں کا استعمال کریں تاکہ بستر اور چادر خراب نہ ہوں۔ اور صبح نیم گرم پانی اور کسی اچھے صابن سے ہاتھ اور پیر دھو کر تولیے سے خشک کرلیں ۔
موسم سرما میں ہاتھوں کی حفاظت کا خیال رکھیں
موسم سرما میں ہاتھوں کی جلد زیادہ خشک ہوتی اور متاثر ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہا تھوں میں بہ نسبت جسم کے کسی دوسرے حصے کے جلد کے مقابلے میں تیل کے غدود کم ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہاتھوں کی نمی جلد ختم ہوجاتی ہے۔ جس سے ہاتھ خشک، کھردرے ہوجاتے ، پھٹ جاتے اور خارش او ر چبھن کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس لئے ہا تھوں کا خیال رکھیں اور دن میں کئی بار موئسچرائزر لگائیں۔
موسم سرما میں پیروں کی حفاظت کریں
سردیوں میں پیروں کی جلد بھی خشک ہو کر پھٹنے لگتی ہے ۔ خاص طور پر ایڑیاں بہت پٹھ جاتی ہیں ۔اس لئے پیروں کو موئسچرائز کرنے کے لیےایسی کریم استعمال کریں جس میں گلیسرین شامل ہو یا پٹرولیم جیلی کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ ، مردہ خلیات یعنی پیروں کی خشک مردہ جلد کو ایکسفولیئٹ یعنی رگڑ کر صاف کردیں تاکہ جلد آسانی سے موئسچرائزر کو جذب کر سکے۔ ہفتے میں ایک بار یا دو تین بار پیروں کی جلد کو صاف کرنا بہتر ہے –
ایسی چیز وں سے پرہیز کریں جو جلد کو متاثر کرتی ہو
موسم سرما میں جلد انتہائی نازک ہوتی ہے ، اورسرخی ، جلن ، خارش اور پھٹنے کا شکار ہوجاتی ہے اور اگر الرجی ہو یا ایکزیما ہو تو ایسی ہر چیز سے پرہیز کریں جو جلد کے لئے نقصان کا باعث ہو۔
جلد کی دیکھ بھال کو روزانہ کا معمول بنائیں
روزانہ جلد کی دیکھ بھال کے معمول پر عمل کریں۔ اپنی جلد کو دن میں ایک یا دو بارخاص طور پر صبح اوررات سونے سے پہلے صاف کریں ۔ صبح میں چہرے کو دھونے کے بعد ، نمی کو بند کرنے کے لیے ہلکے قسم کا موئسچرائزر لگائیں اور رات کے وقت زیادہ بھاری موئسچرائزر یا رات کو لگانے والی کریم استعمال کریں۔ یہ نم یعنی گیلی جلد پر استعمال کرنا چاہئے کیونکہ نم جلد نمی کو اچھے طریقے سے جذب کرتی ہے۔
اپنی خوراک کا خیال رکھیں
موسم سرما میں قدرتی طور پر موسمی پھلوں اور سبزیوں میں موسم سرما کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کا علاج موجود ہوتا ہے۔ جلد کو سردیوں کےدوران صحت مند رکھنے کے لئے وٹامنز اومیگا 3 فیٹی ایسڈ ( صحت بخش چکنائی) اور اینٹی آکسیڈینٹس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ مچھلی ، خشک میوہ جات ، تازہ سبزیاں اورپھل ، ا ٹماٹر ، گاجر ، پھلیاں ، مٹر ، دالیں ،اسٹرابیری ، انگور ، سنگترہ ، رسبری ، وغیرہ کا زیادہ استعمال کریں۔
ہائیڈریٹڈ رہیں
موسم سرما میں چونکہ ہوا خشک ہوتی ہے۔ اس لئے ، پانی جسم سے آسانی سے بخارات میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ لہذا ، جلد کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ اچھی طرح ہائیڈریٹ رہیں ۔ ہائیڈریٹڈ رہنے کے لئے مائع( سیال ) اشیاء جیسے پانی ، پھلوں ، سبزیوں، جوس، سوپ ، سلاد ، رس دار پھلوں اور دودھ وغیرہ کا استعمال لازمی اور مناسب مقدار میں کریں ۔ ان سے جسم کو غذائی اجزاء ملیں گے جو جسم کو اور جلد کو صحت مند رکھیں گے ۔گھر میں نمی کی سطح کو منظم کرنے کے لیے ہیومیڈیفائر humidifier بھی انسٹال کیا جا سکتاہے۔
ٹپس
1۔ موسم سرما میں گلیسرین 4 چائے کے چمچے گلاب کا عرق 8 چائے کے چمچے اور چند قطرے لیموں کا عرق ملا کر لگانے سے جلد نرم ملائم اور چمکدار ہوجاتی ہے اور خشک بھی نہیں رہتی ہے۔2۔ اسی طرح موسم سرما میں بالائی چہرے اور ہاتھوں پر لگانے سے جلد چمکدار نرم ملائم صحتمند اور صاف ہوتی ہے اور خشک ہونے سے بھی محفوظ رہتی ہے۔3۔ اس کے علاوہ ناریل کا تیل جلد میں آسانی سے جذب ہوجاتا ہے اس کا استعمال بھی جلد کو خشک ہونے سے محفوظ رکھتاہے۔ 4۔ ایک چمچہ بادام پیس کر پیسٹ بنا لیں اس میں دو چمچے دودھ اور آدھا چمچہ بالائی بھی شامل کردیں ۔ اب اس پیسٹ کو چہرے پر لگا لیں ۔ جب یہ خشک ہو جائے تو آہستہ سے اسکو صاف کرلیں اور منہ دھو لیں ۔ اس سے جلد کی خشکی ختم ہو جائے گی ۔ چہرہ صاف ، شاداب چمکدار اور پر رونق ہوجائے گا ۔