مختلف نام :
مشہور نام سپاری ،چھالیہ – ہندی سپاری -سنسکرت پوگی ،پوگ – بنگالی شو پاری -مرہٹی سوپاری -تامل گامو گوپاگو ،گجراتی سوپاری -عربی فوفل -انگریزی ایریکا نٹ (Areca Nut)اور لاطینی میں اےریکا کےٹےچو لینن (Areca Catechu Linn)کہتے ہیں ۔
شناخت:
ہندوستان میں یہ پودا دکن، آسام ،مدراس ،بنگال اور پڑوسی ممالک میں بھی پایا جاتا ہے۔اس کا درخت دیکھنے میں بہت خوبصورت معلوم ہوتا ہے ۔اس کا لمبا و پتلا تنا اور اس کے سر پر خوبصورت پتوں کی چھتری عجیب بہار دکھلاتی ہے ۔اس کا پھل عام طور پر چونے اور کتھے کے ساتھ چبایا جاتا ہے اور بعض دفعہ ہلدی و تمباکو میں رکھ کر بھی سپاری چباتے ہیں ،لوگوں کا خیال ہے کہ سپاری کے چبانے سے دانت مضبوط ہوتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر وقت سپاری چبانے سے دانتوں میں خراش ہو کر مسوڑھے کمزور پڑ جاتے ہیں اور دانت ہلنے لگتے ہیں ۔کئی بار اس کے استعمال سے منہ کا سرطان (کینسر) بھی ہو جاتا ہے ۔
سپاری کے کچے پھل ہرے ہوتے ہیں ۔پکنے پر نارنجی رنگ کے ہو جاتے ہیں۔ اس پھل میں “سپاری” بیج کی صورت میں پائی جاتی ہے ۔بازار میں سپاری آدھے آدھے حصوں میں کٹی ہوئی ملتی ہے۔ ہندوستان کی سپاری دوسرے ممالک میں بہت پسند کی جاتی ہے اور ہندوستانی سپاری دوسرے ملکوں میں بھیجی جاتی ہے ۔
مزاج :
سرد و خشک ۔
خوراک
:3گرام سے 5گرام تک۔
فوائد :
سپاری ٹھنڈی ،بھاری ،روکھی ،کسیلی ہوتی ہے ،کھانے کی رغبت پیدا کرتی ہے ۔بلغم صفرا اور منہ کے بے ذائقہ پن کو دور کرتی ہے ۔قابض ہونے کی وجہ سے سپاری کو دستوں ،عام کمزوری اور سیلان میں استعمال کیا جاتا ہے۔
سپاری کے آسان طبی مجربات
دوائے سیلان (لیکوریا ):پھول سپاری، ستاور ،کندر ،چنیا گوند ،مصطگی رومی ،ثعلب مصری ،الائچی خورد ،پھول پستہ ،تج ،طباشیر ،موصلی سفید، سنگجراحت ،لودھ پٹھانی ہر ایک 3گرام ،چینی سفید سب کے برابر ملا کر سفوف بنائیں اور 9گرام صبح و 9گرام شام ہمراہ دودھ نیم گرم دیں ۔
دیگر :سپاری چکنی دکنی 100گرام ،کوٹ کر دو کلو گائے کے دودھ میں ڈال کر آگ پر پکائیں ،پھر اس میں مائیں چھوٹی 50گرام ، مائیں بڑی 50گرام، کمرکس 100گرام ،سفوف کر کے ملا دیں ۔سرد ہونے پر اتار لیں اور 6گرام صبح اور 6گرام شام کو نیم گرم دودھ سے دیں ۔دو ہفتہ میں آرام آ جائے گا۔
حلوائے سپاری پاک :مسیح الملک حکیم محمد اجمل خان صاحب کے معمولات مطب میں سے ہے ۔عورتوں کے سیلان اور مردوں کے جریان کے لئے ازحد مفید ہے ۔
سپاری دکنی50 گرام ،سونٹھ 30گرام ،دونوں کو کوٹ کر ایک کلو دودھ میں جوش دیں ۔جب دودھ کا کھویا بن جائے تو ان کو خالص گھی میں بھونیں ،اس کے بعد گیہوں کا آٹا 250گرام ،سنگھاڑے کا آٹا 100گرام گائے کے گھی میں بھونیں ،پھر اس کو چینی سفید 2/1کلو کے قوام میں ملا کر حلوا بنائیں ،آخر میں مائیں خورد، مائیں کلاں ،پھول سپاری ،گوند ڈھاک ،گوند کیکر ،تال مکھانہ ،گل دھاوا ، بیج بند ،گری بیج املی ہر ایک 20گرام ،ماز و سبز دو عدد ،جائفل، جاوتری ،لونگ ہر ایک تین گرام کو کوٹ چھان کر شامل کر لیں ۔25گرام یہ حلوا بنا کر صبح کھا کر اوپر سے 250گرام نیم گرم دودھ پی لیں ۔
سپای پاک (بھیشج رتناولی ):سپاری دکھنی 320گرام ،الائچی خورد ،تیز پات ،ناگ کیسر ،ترکٹا ، لونگ، صندل سفید ،بال چھڑا ،آملہ، تالیس پتر، کنول گٹہ ،نیلوفر ،طباشیر ،سنگھاڑا ، زیرہ سفید ،ستاور ،گوکھرو ،بداری قند، پھول مالتی ہر ایک چھ چھ گرام ،دارچینی ،کافور ہر ایک دس دس گرام۔
پہلے سپاری کا سفوف بنائیں اور دوسری ادویہ کا الگ سفوف بنائیں ۔دودھ گائے دو کلو میں سپاری کا سفوف ڈال کر آگ پر پکائیں ،معجون کا قوام ہونے پر بقایا سفوف ملا دیں ۔
خوراک :6گرام سے 10گرام ہمراہ دودھ نیم گرم دیں ۔
کمزوری ،سیلان ،اولاد کی آرزو ،حمل کی حفاظت کے لئے مفید ہے ۔اٹھراہ ،کمر درد اور عورتوں کی ہر بیماری کے لئے موثر ترین سپاری پاک ہے ۔جسم میں طاقت پیدا کرتا ہے ۔سیلان کی اعلٰی دوا ہے ۔
سفوف پھول سپاری :پھول سپاری ،پھول دھاوا ،کمرکس ،موچرس ،گوند کیکر ،گوند مولسری ہر ایک 6گرام ،چینی سفید 30گرام ،سفوف بنائیں 2گرام صبح اور 2گرام شام ہمراہ دودھ نیم گرم دیں ۔ (شفاء الملک حکیم فقیر محمد صاحب چشتی )
جڑی بوٹیوں کاانسائیکلو پیڈیا
از: حکیم وڈاکٹرہری چند ملتانی
سپاری “چھالیہ Betal Nut “
لاطینی میں:Areca Catevhli خاندان:Palmae
دیگر نام: عربی میں فونل ،فارسی میں پوپل،ہندی میں سپاری ،گجراتی میں سو پاری ،بنگلہ میں گوآ،اردو میں چھالیہ اور انگریزی میں بٹٰیل نٹ ۔
ماہیت: چھالیہ کا درخت 15 سے30 فٹ کے درمیان ،لیکن بعض درخت 60 فٹ تک ہوتے ہیں جن کی موٹائی1 سے 2 فٹ تک ہوتی ہے۔پتے نارجیل یا کھجور کی طرح اور یہ پتے ان سے چھوٹے ہوتے ہیں۔شاخیں ناریل کی طرح ہوتی ہیں لیکن کھجور اور ناریل سے چھوٹی ہوتی ہیں جو اس کی چوٹی پر اگتی ہیں۔پھل کھجور کی طرح لچھے دار لگتا ہے۔کچی حالت میں سبز لیکن پک جانے پر سرخ خشک ہوکر سیاہی آجاتی ہے۔پھل کو پختہ ہونے سے پہلے اتار لیتے ہیں اور ان کو پانی میں جوش دیاجاتا ہے اور پوست اتار لیا جاتا ہے ،نیچے سے جو گھٹلی نکلتی ہے ۔وہی سپاری کہلاتی ہے۔(۱) سپاری سرخی مائل بہ سیاہ قدرے گول اور ذائقہ میں کسیلی ہوتی ہے۔سپاری کی کئ اقسام ہیں لیکن اس کو چکنی سپاری کہتے ہیں۔شوقین لوگ اس کو پان میں ملا کر کھاتے ہیں ۔(۲)باہر سے معمولی سرخ جبکہ اندر سے سفید ،ذرا بڑی ہوتی ہے یہی چھالیہ کہلاتی ہے اور کھانے کے علاوہ بطور دوا مستعمل ہے۔(۳) تیسرے قسم کھانے میں نرم اور نارجیل کی طرح مخروطی معلوم ہوتی ہے۔اس کو سپاری کھو پر کہاجاتا ہے۔
مقام پیدائش: سپاری ہند وستان میں دکن ،آسام ،بنگل ،میسور،مالا بار میں ہوتی ہے۔اس کے علاوہ جاوا،لنکا،سما ٹرا ،فلپائن ،برما میں زیادہ پیدا ہوتی ہے۔
مزاج: سرد خشک درجہ دوم
افعال: قابض،رادع،محلل اورام حارہ،حابس جریان وسیلان ،مقوی حابس اسہال۔
استعمال: سپاری کو باریک کتر کر ویسے یا پان کے ہمراہ چونا ،کتھ الائچی ملا کر کھاتے ہیں۔اس سے چونے کی اصلاح ہوجاتی ہےاور دانتوں کو تقویت ملتی ہے بلکہ دانتوں کی اچھی ورزش ہے۔قابض ہونے کی وجہ سے دستوں کو بند کر تی ہے ۔حابس ہونے کی وجہ سے سیلان الرحم میں مفید ہے۔بعض خواتین صرف سپاری ہی چبتی رہتی ہیں۔جس سے ان کے دانت مضبوط ہا ضمہ قوی اور سیلان کا خاتمہ رہتا ہے۔جریان ،احتلام میں بھی مفید ہے۔
استعمال بیرونی: دانتوں کو مضبوط کرنے اور ان کے سیلان خون کو روکنے کے لئے سنونات میں شامل کرتے ہیں۔اس کو جلا کر سنون میں ملا کر دانتوں اور مسوڑوں کو مضبوط بناتی خون آنے کو بند کرتی ہے اگر سرمہ کی طرح باریک کر کے آنکھوں میں لگایا جائے تو آشوب چشم،سوزش چشم کے لئے مفید ہے۔رادع و محلل ہونے کے باعث گرم ورموں پر اس کا ضماد لگایا جاتا ہے۔ڈھلکا اور سوزش چشم میں سپاری کو جلاکر مثل سرمہ باریک پیس کر لگانا مفید ہے۔
نفع خاص: مقوی دندان حابس۔مصلح: چونا ،کتیرا اور الائچی۔
بدل: (بعض افعال میں )مضر مخشن صدر۔
کیمیاوی اجزاء:پھل میں پروٹین ،چکناہٹ،کاربوہائیڈر یٹس
Arecplime ایک الکا ئیڈ ارے کولین اور کائے جین نام جوہر کا پایا جاتا ہے۔
مقدار خوراک: ۳ سے ۵ گرام تک۔
جناب حکیم ارشد جمیل فارانی صاحب جو کہ میرے ،محترم استاد ہیں اکژ کہتے تھے کہ سپاری کھانے سے ورم عذہ مذی (پرا ٹیسٹ) نہیں ہوتا ہے کیونکہ یہ نوع کے لحاظ سے عذہ مذی جیسی ہے۔
معجون سپاری پاک
معجون سپاری پاک سیلان الرحم کی مشہور دوا ہے۔یہ رحم کو طاقت دیتی ،کمر ،پیٹرو اور پنڈلیوں کے درد کو ختم کرتی ہے۔
مقدار خوراک: پانچ پانچ گرام صبح اور رات کو سوتے وقت۔
سپاری پاک
یہ مشہور مرکب سپاری کا ہے۔سپاری پاک عورتوں کے مشہور عام مرض لیکوریا کی خاص دوا ہے۔رحم کی کی کمزوری کو رفع کرتی ہے ۔اس سے کمر کا درد جاتا رہتا ہے۔
مقدار خوراک: ایک یا دو چائے کے چمچ صبح یارات کو پانی کے ساتھ۔
مشہور مرکب: معجون سپاری پاک ،مفرح احمر،سفوف الثعلب ،سفوف سپاری پاک ۔
تاج المفردات
(تحقیقاتِ)
خواص الادویہ
ڈاکٹروحکیم نصیر احمد طارق