عمر کا بڑھنا ایک قدرتی عمل ہے یہ حقیقت ہم تبدیل نہیں کر سکتے لیکن عمر بڑھنے کےساتھ جو مسائل پیدا ہوتے ہیں ان کو کم کیا جاسکتا ہے یا ان کا سدباب کیا جاسکتاہے کہ وہ تیزی سے نمودار نہ ہوں ۔جِلد پر عمرکے اثرات کم کرنے کے طریقے اسی طرح کچھ چیزیں جِلد کو جلد خراب یا بوڑھا کردیتی ہیں اور کچھ چیزیں جِلد کو زیادہ عرصے تک جواں اور صحت مند رکھ سکتی ہیں کہ اس پر بڑھتی عمر کے اثرات تیزی سے وقوع پزیر نہ ہوسکیں ۔
جلد ایک ایسا عضو ہے جس پرانسان کے اندورنی اور بیرونی عوامل کے اثرات بہت جلد نمودار ہوتے ہیں ۔ اگر جسم کو متوازن خوراک ، پھل ، تازہ سبزیاں ، ورزش کی عادت ، ذہنی سکون، خوشی اطمینان ، بھرپور نیند حاصل ہو تو انسان صحتمند تندرست و توانا ، ہشاش بشاش ، خوش باش ، چست و توانا، فعال نظر آتا ہے۔ اورجلد بھی صحت مند ، سرخ و سفید ، جواں اور دلکش نظر آتی ہے ۔ جس کی وجہ سے انسان اپنی اصل عمر سے کم عمر نظر آتا ہے۔
اسی طرح اگر تیز گرمی، دھوپ ، ڈی پائیڈریشن یعنی پانی کی کمی ، جسمانی تھکاوٹ ، ذہنی دباؤ ، کسی بھی قسم کی پریشانی ، خوراک کی کمی ،غذائی اجزاء کی کمی ، سردی یا گرمی کے اثرات ، بیماری ، غصہ ، افسردگی ، نیندکی کمی ، حفظان صحت کے اصولوں پر عمل نہ کرنے ، کام کی زیادتی ، آرام کی کمی ، موبائل ، ٹی وی یا نیٹ کا حد سے زیادہ استعمال سے نہ صرف انسان جسمانی طور پر کمزور، غیر فعال ، افسردہ ، پژمردگی کا شکار ، اور بیمار ہوجاتا ہے۔ بلکہ ان عومل کےاثرات اس کی جِلد پر بھی جلد نمودار ہوجاتے ہیں ۔ جس کی وجہ سے جلد کی رنگت خراب ، جھریوں زدہ ،جھلسی ہوئی ، داغ دھبے ، کھردری، پیلی، پتلی ، غیر صحت مند، نظر آتی ہے جس کی وجہ سے انسان اپنی عمر سے بڑا اور بوڑھا دکھائی دیتا ہے۔
ایک قدرتی بڑھاپا ہوتا ہے جو آہستہ آہستہ آتاہے ۔ صحت مندانہ زندگی کے اصول اپنا کر اس کی رفتار بھی کافی حد تک کم کی جا سکتی ہے لیکن ایک خارجی بڑھاپا یا غیر قدرتی بڑھاپا ہوتا ہے جوغیر صحت مندانہ طرز زندگی اور نامناسب ماحول کی وجہ سےپیدا ہوتا ہے۔ جلد پر عمر کے اثرات کم کرنے کے لئے ڈرمیٹالوجسٹ مختلف تجاویز پیش کرتے ہیں ۔ لیکن ہم یہاںچند ایسے طریقے پیش کررہے ہیں جن پر عمل کرکے جلد پر بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کیا جاسکتاہے۔
تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال
تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال زیادہ دیر تک جلد کو جوان رکھتاہے۔ اسی طرح ایسی غذاؤں کا استعمال کم کرنا چاہئے جس میں چینی یا کاربوہائیڈریٹس کی مقدار زیادہ ہو کیوں کہ یہ بھی بڑھاپا جلد پیدا کرتی ہیں۔ سبزیوں کے سوپ اور سبزیوں اورپھلوں کے جوس جلد کو جواں رکھنے کا بہترین علاج ہیں۔ جیسے ، سیب ، انار ، آم، کیلا ، اسٹرابری ، گاجر ، چقندر ، وغیرہ کے جوس اور سلاد کا استعمال بھی جلد کو صحت مند رکھتا ہے۔
سورج کی شعائیں
سورج کی تیز روشنی یعنی تیز دھوپ جلد کےلئے بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ یہ جلد کی رنگت کو جھلسا دیتی ہے۔ دھوپ میں نکلنا ضروری ہو توسن گلاسز ، چھتری ، کیپ، یا اسکارف، سن اسکرین کا استعمال کریں۔ سورج کی یو ویUV ( شمسی الٹرا وایلیٹ UV تابکاری) شعائوں سے بچنا بہت ضروری ہے کیوں کہ سائنسی تحقیق کے مطابق یو وی شعائیں جلد کی عمر میں اضافہ کرتی ہیں۔ جلد پر جھریاں پیدا کردیتی ہیں اور جلد کی رنگت اور تازگی کو ختم کر دیتی ہیں۔ جس کی وجہ سے انسان بوڑھا لگنے لگتاہے۔ اسکے علاوہ یہ یو وی ریزز آنکھوں اور جسمانی صحت کےلئے بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں ۔
تمباکو نوشی ،سگریٹ نوشی اور الکحل کےاستعمال سے پرہیز
تمباکو نوشی ،سگریٹ نوشی اور الکحل کا استعمال بھی جلد کی صحت کو متاثر کرتے ہیں اور نقصان پہنچاتے ہیں۔ ان سے جلد پانی کی کمی یعنی نمی کی کمی کا شکار ہوجاتی ہے اس سے نہ صرف جلد کا رنگ خراب ہوجاتا ہے بلکہ یہ جلد کی عمر کو تیزی سے بڑھاتی ہیں اور جلد پر جھریاں ڈال دیتی ہیں۔ جس سے انسان بوڑھا لگنے لگتاہے۔
ورزش کی عادت اپنائیں
ورزش کی عادت نہ صرف جسمانی صحت و تندرستی کے لئے بہترین ہے بلکہ یہ جلد کی صحت کے لئے بھی اچھی ہے ۔ اس سے جلد جو ان اور صحت مند رہتی ہےاس سےقوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوتاہے۔
جلد کو نرمی سے صاف کریں
چہرےکو نرمی سے دھوئیں اور نرمی سے خشک کریں ۔ کیونکہ تیزی یا سختی سے جلد کو صاف کرنے سے جلد متاثر ہوتی ہے اور اس کی عمر بڑھتی ہے جو آپ کی عمر میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔
جلد کو موئسچرائز رکھیں
ہر روز چہرہ اور، ہاتھ پاؤں دھونے کے بعد انھیں کسی اچھی کریم یا لوشن سے موئسچرائز کریں ۔ موئسچرائزر پانی کو جلد میں روک دیتا ہے ، جس سے جلد کی نمی برقرار رہتی ہے اور جلد دیر تک جواں رہتی ہے۔
اچھی اور میعاری مصنوعات کا استعمال
جلد پراور خاص طور پر چہرے پر ایسی پروٖڈکٹس یعنی مصنوعات لگانے سے پرہیز کریں جس سے جلن محسوس ہوتی ہو کیونکہ ایسی مصنوعات کے استعمال سے جلد جلن کی وجہ سے اچھا محسوس نہیں کرتی اور اس سے جلد بوڑھی لگنے لگتی ہے۔ جلد پر استعمال کرنے والی بیوٹی پروڈکٹس میں اچھی اور معیاری مصنوعات کا انتخاب کریں ۔
چہرے کے تاثرات کو نارمل رکھیں
چہرے کے تاثرات کو نارمل رکھیں اگر چہرے کو ایک ہی انداز میں باربار بنایاجائے تو اس سے چہرے کے بنیادی پٹھے سکڑتے ہیں اور بار بار ایک ہی تاثر بنانے سے وہ تا ثر مستحکم ہوجاتا ہے اوروہاں لکیریں یا جھریاں پڑ جاتی ہیں مثلاً جیسے کچھ لوگ خوامخواہ عادتاً بات کرتے ہوئے بھویں اونچی کرتے جس سے پیشانی یعنی ماتھے پر لکیریں پڑ جاتی ہیں باربار ایسا کرنے سے ماتھے کی یہ لکیریں مستحکم ہوجاتی ہیں اور اس سے انسان وقت سے پہلے اپنی اصل عمر سے زیادہ بڑا دکھائی دیتاہے
جلد کی دیکھ بھال کو معمول کا حصہ بنا لیں
جلد کی دیکھ بھال کو معمول کا حصہ بنا لیں ۔ چہرے کے ساتھ ساتھ اپنے باقی جسم کا بھی خیال رکھیں ۔ گردن ہاتھوں پیروں وغیرہ کی جلد کا بھی خیال رکھیں ۔ یقین کریں آپ اپنی عمر سے کافی کم عمر دکھائی دیں گے۔
چہرے کو گورا ، صاف ، چمکدار اور جلد سے جھریاں ختم کرنے والی کریم
کھانے کے چمچ چاولوں کو اچھی طرح دھو کر 6 -8 گھنٹے کے لئے یا رات بھر پانی میں بھگو دیں۔ اب چاولوں کو پیس لیں پھر چاول کے پانی کو چھان لیں۔ اور چاولوں کے پانی کو ایک صاف برتن میں ڈال کر دھیمی سے درمیانی آنچ پر پکنے کے لئے رکھ دیں ۔ اور مسلسل چمچے سے چلاتے رہیں کہ نیچے نہ لگیں ۔ جب یہ گاڑھا ہونے لگے تو ناریل کا تیل یا بادام کا تیل 1 چائے کا چمچ شامل کر دیں اور چولھے سے اتا رلیں اب اس میں کسی اچھی کمپنی کا ایک چمچہ ایلوویرا جیل اور وٹامن ای کے دو کیپسول کے قطرے شامل کردیں اسے اچھی طرح مکس کریں۔ کسی ائیر ٹائٹ جار میں بند کرکے فریج میں رکھ دیں ۔ یہ چاول کی کریم ریفریجریٹر میں 2 ہفتوں تک رہ سکتی ہے۔
کریم کو استعمال سے پہلے 15 سے 30 منٹ کے لیے ایک طرف رکھیں تاکہ ناریل کا تیل کریم میں مکمل طور پر گھل جائے۔اپنی جلد کی قسم کے مطابق کسی اچھے کلینزر سے کلینزنگ کیجئے ، اپنا چہرہ دھوئیں۔یہ کریم سے ہلکے ہاتھ سے اپنے چہرے پر لگائیں ۔کریم کو مکمل طور پر جلد میں جذب ہونے دیں۔یہ جلد کو ٹائیٹ ، رکھتی ہے۔ جھریاں کم کرتی ہے اور جلد کو خوبصورت ، چمکدار اور دلکش بناتی ہے۔
مضمون نگار فرح فاطمہ