کولیجن کی اہمیت پر بات کرنے سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ کولیجن ہےکیا ؟ اور اس کی انسانی جسم میں کیا اہمیت ہے۔ یعنی کولیجن اور اس کی اہمیت ۔
کولیجن کیا ہے؟
کولیجن ایک ریشے دار قوی ، سخت اور زندہ پروٹین ہے۔ اسے مالیکیول بھی کہتے ہیں۔ یہ انسانی جسم میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ یہ بھی ایک ایسا پروٹین ہے جو انسانی جسم میں قدرتی طور پر خود بخود بنتا ہے۔ انسانی جسم میں کولیجن اور اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ یہ جسمانی اعضاء کی بنیاد ہے۔ یہ عضلات ، ہڈیوں ، جلد ، خون کی وریدوں ، جسمانی اعضاء ، آنتوں کے استر ، جوڑوں اور پٹھوں کے علاوہ کنیکٹیو ٹشوز وغیرہ کا بھی ایک لازمی جذ و ہے۔ یہ جسم کے خلیوں کو ایک ساتھ مربوط رکھتا ہے اور جلد کو طاقت اور لچک فراہم کرتا ہے۔ یہ جسم کو صحت مند ،مضبوط ، چست اورطاقت وتوانا رکھتا ہے۔
کولیجن کی اقسام :
کولیجن کی کئی اقسام ہیں کولیجن کی تقریباً 28 یا 29 ا قسام ہیں، اور یہ سب اپنی ساخت میں مختلف ہوتے ہیں ۔ زیادہ تر کولیجن فائبرز سے بنتے ہیں، جن کی ساخت لمبے، پتلے ڈھانچے پر مشتمل ہوتی ہے اور یہ مضبوط اور لچکدار ہوتے ہیں۔
کولیجن کی سطح میں کمی کی وجوہات :
جسم میں کولیجن کی سطح میں کمی کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں جیسے ہارمونل تبدیلیاں ، آکسیڈیٹیو تناؤ، نامناسب یا غیر متوازن غذا ، بڑھتی عمر ، تمباکو نوشی، حمل، یا صحت کے مسائل ، طرز ذندگی ، جینیاتی مسائل اور سورج کا سامنا ، مطلب جو لوگ سورج کی شعاعوں کا زیادہ سامنا کرتے ہیں جیسے وہ لوگ جو ایسا کام کرتے ہوں جیسے پھیری والے یا ٹھیلے والے یا مزدور ، وغیرہ کیونکہ سورج کی الٹرا وایلیٹ شعاعیں جلد میں کولیجن کے ٹوٹنے کا سبب بن سکتی ہیں ۔
کولیجن کے نقصان سے محفوظ رہنے کی چند احتیاطیں :
کولیجن کی سطح کو کم کرنے سے روکنے کے لئے کچھ احتیاطی تدابیر ہیں جیسے روزانہ متوازن غذا کا استعمال کیونکہ متوازن غذا انسانی جسم کو ایسے خام اجزاء فراہم کرتی ہے جوجسم میں قدرتی طور پر کولیجن بنانے میں مدد کرتے ہیں ۔ پھل اور سبزیوں کو اپنی خوراک میں زیادہ شامل رکھنا جن سے اینٹی آکسیڈینٹ اجزاء اور وٹامنز حاصل ہوتےہیں ، سورج کی شعاعوں اور تیز دھوپ سے احتیاط کیونکہ یہ کولیجن کو توڑتی ہے ۔ تمباکو نوشی اور نشہ آور اشیاء سے پرہیز ، جنک فوڈ اور پروسسیس فوڈذ سے احتیاط کیونکہ یہ آکسیڈیٹیو تناؤ کو بڑھانے کا سبب بنتے ہیں ۔
کولیجن کی اہمیت :
اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کولیجن کے بغیر جسم کے ساخت کا تصور کرنا بھی ناممکن ہے۔ کولیجن جسم کے تمام اعضاء کی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ خاص طور پر جوڑوں ، ہڈیوں، جلد اور خون کی نالیوں کے لئے اور کولیجن کی کمی سے جلد ، ہڈیوں، جوڑوں ، اعصاب اور قلب وغیرہ کے مسائل جنم لیتے ہیں ۔ اور یہ ہر چھوٹی اور بڑی عمر ہر شخص کے لئے اہم ہے۔
جلد کی حفاظت :
کولیجن جلد کے لئے بہت اہم ہے کیونکہ یہ جلد کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے بچاتا ہے۔ یہ جلد کو مضبوط ترو تازہ اور لچکدار بناتا ہے اور اس کی تازگی اور جوانی کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس کی کمی سے جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہے ۔ جلد کے اندر، کولیجن کا نقصان بڑھتی ہوئی عمر کی علامات جیسے جھریوں ، ڈھیلی جلد اور بے رونق جلد کا سب بنتا ہے ۔
جیسے جیسے عمر بڑھتی جاتی ہے ، جلد میں کولیجن کی سطح گرتی جاتی ہے، اور کولیجن کے ریشے پتلے اور کمزور ہوتے جاتے ہیں۔ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ اس کی کمی سے جلد جھریوں دار یا بوڑھی ہوتی ہے اسی لئے کاسمیٹکس پروڈکٹس میں کولیجن کو شامل کیا جاتا ہے۔ کاسمیٹکس پروڈکٹس میں جیسے کریم ، پاؤڈر یا دوسری کاسمیٹکس پروڈکٹس جو کولیجن پر مشتمل ہوتی ہیں جلد کے لئے بہت صحت بخش ہوتی ہیں اور جلد کو چمکدار، ملائم، ترو تازہ اور جوان رکھنے میں مدد کرتی ہیں ۔
ہڈیوں کی مضبوطی :
اسی طرح، کولیجن ہڈیوں کی مضبوطی کے لئے بھی اہم ہے۔ انسانی جسم کی ہڈیوں کی مضبوطی کو بڑھانے کے لئے کولیجن اہم کردار ادا کرتا ۔ اور ان کی نشو ونما اور ان کی مزید تعمیر میں فعال کردار ادا کرتا ہے۔ یہ ہیڈروکسی اپیٹائیٹ کے اثرات سے بچنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے جو ہڈیوں کے تبدیل ہونے کا باعث بنتا ہے۔یہ اوسٹیو ارتھرائٹس کا علاج بھی ہے۔ چونکہ کولیجن ہڈیوں کی مضبوطی اور صحت مندی کے لیے ایک ضروری وٹامن مانا جاتا ہے۔ اس لئے جسم میں اس کی مناسب مقدار ہونے کے باعث یہ ہڈیوں کی بیماری اوسٹیو ارتھرائٹس کے علاج میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
جوڑوں اور پٹھوں کی صحت :
کولیجن جوڑوں او پٹھوں کی مضبوطی اور صحت کے لئے بھی اہم ہے ۔ اس کی کمی سے جوڑوں کا عمل معطل ہو جاتا ہے۔ بڑی عمر کے ساتھ، کولیجن کی مقدار میں کمی ہوتی ہے جس سے جوڑوں کے درد کا شکار ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ کولیجن سپلیمینٹس یا قدرتی طور پر کولیجن کی مقدار میں اضافے سے جوڑوں کے درد اور جوڑوں کی نقل و حرکت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔
بالوں کی صحت :
کولیجن بالوں کی صحت کے لئے بھی اہم ہے۔ کولیجن کی مدد سے بالوں کی مضبوطی اور صحت میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ چمکدار اور مضبوط نظر آتے ہیں۔
زخم بھرنے میں معاون :
کولیجن زخم بھرنے کے قدرتی عمل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔زخم بھرنے کی تکنیکوں میں مصنوعی کولیجن کا استعمال کیا جاتا ہے اسی طرح یہ کاسمیٹکس میں بھی کارآمد ہے ۔
تحقیق سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ کولیجن ایک ایسا اہم مرکب ہے جو جلد، ہڈیوں، جسمانی نظام اور دیگر اعضاء کے تعمیر اور مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ کولیجن ایک ایسا پروٹین ہے جو عموماً جلد، ہڈیوں، کھال، جسمانی نظام، خون کی نالیوں، اعصابی نظام اور دیگر اندرونی اعضاء کی بنیادی ساخت میں پایا جاتا ہے۔ اور یہ قلبی اور اعصابی نظام کے لئے بھی اہم ہے۔
اس کی کمی سے انسان کئی مسائل کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس لئے، صحیح خوراک، ورزش، اور صحیح طرزِ زندگی کو قائم رکھنے سے کولیجن کی مقدار کو بڑھایا جا سکتا ہے جو انسانی جسم کی عمر بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
لیکن عمر کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ انسانی جسم میں کولیجن بننا کم ہوجاتا ہے اس لئے جسمانی صحت و تندرستی کے لئے کولیجن کی کمی کو کولیجن سپلیمینٹس سے پورا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ یہ سپلیمینٹس مائعات ، گولیوں، کیپسول یا پا ؤڈر کی شکل میں دستیاب ہوتے ہیں ۔ یہ جلد کو ہا ئیڈریٹ رکھنے اور اوسٹیو ارتھرائٹس کے درد کو دور کرنے میں بھی مدد کر سکتے ہیں۔